بی جے پی چالو پارٹی عوام کو دھوکہ دے رہی ہے - اکھلیش یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

بی جے پی چالو پارٹی عوام کو دھوکہ دے رہی ہے - اکھلیش یادو

چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے آج بی جے پی کو’’چالو‘‘ (چالاک) پارٹی قرار دیا اور کہا کہ وہ مختلف مسائل اٹھاتے ہوئے ایک بار پھر رائے دہندوں کو الجھن میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے عام انتخابات کے دوران’’ اچھے دن آنے والے ہیں‘‘ کا نعرہ دی اتھا اور اب انہوں نے’’لوجہاد‘‘ کا متنازعہ مسئلہ اٹھایا ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنے بھتیجہ تیج پرتاب سنگھ کے حق میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ تیج پرتاب سنگھ مین پوری لوک سبھا نشست سے امیدوار ہیں ۔ جو اکھلیش کے والد اور پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے ۔ اکھلیش نے سوال کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے، بین الاقوامی سرحدوں کے تحفظ یا پھر نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیا انہوں(بی جے پی) نے کوئی اقدامات کیے ہیں ؟ اب بی جے پی کی ایک ہی کوشش ہے اور وہ یہ کہ سماج کو مذہب اور ذات پات کے نام پر تقسیم کیاجائے لیکن سماجوادی پارٹی انہیں ایسا کرنے کی کبھی اجازت نہیں دے گی ۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لیے بغیر انہیں نشانہ تنقید بناتے ہوئے اکھلیس نے کہا کہ صرف ملائم سنگھ ہی ایسے قائد ہیں جنہوں نے یوگی کے خلاف سخت کارروائی کی تھی ، جس کے بعد وہ (یوگی) لوک سبھا میں رو پڑے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بہت کمزور ہیں اور انہیں اپنے ناپاک منصوبوں سے باز رکھنے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق اکھلیش نے مرکز سے کہا کہ وہ ریاست میں برقی بحران کے حل کے لئے کوئلہ کے بہتر معیار اور مناسب مقدار میں سربراہی کو یقینی بنائے ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب گجرات کی ترقی کے ماڈل پر تنقید کرتے ہوئے ممتاز ماہر معاشیات جنیت گھوش نے آج کہا کہ کارپوریٹ گھرانوں کو بھاری مراعات کی وجہ سے معاشی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے لیکن غریبوں کو اس سے کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے ۔ یہاں اجرتوں کی شرح کافی کم ہے ۔ گھوش نے یو این سی ٹی اے ڈی کی رپورٹ بعنوان’’تجارت و ترقی2014‘‘ میں کہا کہ میں تقابل کرنے سے نفرت کرتا ہوں لیکن ہمیں اس بات کا سامنا کرنا ہوگا کہ گجرات ماڈل جسے ان دنوں ہر شخص پسند کررہا ہے ، مجموعی گھریلو پیداوار کی اونچی شرح پر مبنی ہے لیکن اجرتوں کی شرح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ در حقیقت گجرات ہندوستان کی دوسری ایسی ریاست ہے جہاں اجرتیں بہت کم ہیں۔
BJP is 'chalu party' ditching people with false promises: Akhilesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں