دہلی کے بی جے پی رکن اسمبلی فائرنگ میں بال بال بچ گئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-04

دہلی کے بی جے پی رکن اسمبلی فائرنگ میں بال بال بچ گئے

نئی دہلی
آئی اے این ایس ۔ پی ٹی آئی
دہلی کے بی جے پی رکن اسمبلی (حلقہ شاہدرہ) جتیندر سنگھ شنٹی پر آج صبح6بجے ان کی رہائش گاہ کے باہر ایک نامعلوم حملہ آورنے3گولیاں چلائیں جو ان کے بالکل ہی قریب سے گزر گئیں اور شنٹی زخمی ہونے سے بال بال بچ گئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے جو ہیلمٹ پہنا ہوا تھا ، شنٹی کے گھر کی گھنٹی بجائی اور انہیں باہر بلایا اور ان سے چند دستاویزات کی تصدیق(Attestaion)کی خواہش کی ۔ شنٹی جب دستاویزات دیکھ رہے تھے ایک یا چند کاغذات زمین پر گرے ۔ شنٹی نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ’’ چند کاغذات ، زمین پر گرے اور جب میں ان کاغذات کو سمیٹ کر اٹھا تو حملہ آور نے مجھ پر پستول تان لیا۔ قبل اس کے کہ وہ فائر کرتا میں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا ۔ کچھ دیر کے لئے ہماری کھینچا تانی ہوتی رہی اور پھر میں بھاگ کھڑا ہوا ۔ ‘‘جس وقت شنٹی اپنے مکان کی طرف دوڑے، حملہ آور نے ان پر3گولیاں چلائیں ۔ اس کا نشانہ خطا ہوگیا اور اس کے بعد وہ(حملہ آور) فرار ہوگیا ۔ شنٹی کسی طرح مکان میں داخل ہوگئے اور اندر سے دروازہ مقفل کرلیا۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آحملہ آور نے ایک موٹر سیکل پر راہ فرار اختیار کی۔ اسکا ایک شریک جرم ، کچھ فاصلہ پر اس کا انتظار کررہا تھا ۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ’’ ہمیں(مقام واردات) پر3خالی کارتوس دستیاب ہوئے۔‘‘شنٹی نے بتایا کہ کسی سے ان کی دشمنی نہیں ہے ۔ سارے ڈرامائی واقعہ کو سی سی ٹی وی کیمرے نے ریکارڈ کرلیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب حملہ علی الصبح5:30بجے ہوا۔ نامعلوم شخص نے شنٹی کی قیام گاہ پہنچ کر بار بار گھنٹی بجائی ۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ’’جیسے ہی شنٹی باہر نکلے ہیلمٹ پہنے ہوئے شخص نے بعض دستاویزات کی تصدیق کے لئے کہا۔ شنٹی اپنے مکان میں داخل ہونے ہی والے تھے کہ حملہ آور نے پستول نکال لیا۔ یہ دیکھ کر شنٹی نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی۔ اس سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ حملہ آور نے 3تا4گولیاں چلائیں ، جو انتہائی قریب سے گزریں ۔ جتیندر سنگھ شنٹی بال بال بچ گئے۔ حملہ آور فرار ہوگیا جس کے بعد پولیس کو اس واردات کی اطلاع دی گئی ۔ بی جے پی ایم ایل اے نے بتایا کہ وہ حملہ آور کو نہیں پہنچان سکے کیونکہ وہ ہیلمٹ پہنا ہواتھا ۔ دہلی پولیس کرائم برانچ ٹیم مقام واردات پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردی گئیں۔ سینئر عہدیدار بشمو ڈی سی پی اجئے کمار اور جوائنٹ کمشنر سنجے بنیوال ، مقام واردات پہنچ گئے ۔ اس کیس کے مزید سراغ کے لئے تحقیقاتی عہدیدار، سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کررہے ہیں۔

BJP MLA shot at in Delhi, escapes unhurt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں