مدھیہ پردیش میں آسٹریلیا کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-30

مدھیہ پردیش میں آسٹریلیا کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع

مدھیہ پردیش
پی ٹی آئی
آسٹریلیا کی ہائی کمشنر پاٹرک سکنگ نے آج مدھیہ پردیش ا کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے ملاقات کی اور کہا کہ زراعت اور دودھ سے بنی مصنوعات کے میدان میں مدھیہ پردیش میں نئے تجارتی امکانات تلاش کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش نے کہا کہ ریاست ، آسٹریلیا کی طرح بنجر زمین پر مشتمل علاقہ ہے ۔ بنجر زمینوں میں کاشتکاری کی نئی نئی تراکیب پیش کرکے آسٹریلیا مدھیہ پردیش کی مدد کرنے کے ساتھ ڈیری ، مائکرو آب پاشی اور کھیل کود کے میدان میں بھی اپنا تعاون پیش کرسکتا ہے ۔ مدھیہ پردیش ہندوستان میں نہایت تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست ہے ۔ اس ریاست کی شرح نمو11.08فیصد اور زراعتی شرح نمو24.99فیصد ہے۔ دودھ سے بنی مصنوعات کی شرح نمو ریاست میں8فیصد ہے اور مستقبل میں اس بات کی امید بھی کی جاسکتی ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔
ریاست اس بات کی خواہاں ہے کہ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے جو بھی تدابیر ہوسکتی ہیں انہیں اختیار کیاجائے ۔ گلوبل سرمایہ کاری سمٹ میں اپنا عالمی شریک بننے پر وزیر اعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا اور آسٹریلیا کے وفد کو بھوپال کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ، سکلنگ نے کہا کہ آسٹریلیا اور مدھیہ پردیش کے مابین تعاون ، دودھ کی مصنوعات ، اسٹوریج ، حمل و نقل اور کان کنی جیسے امور میں ہوسکتا ہے ۔ آسٹریلیا نے انفراسٹرکچر کے میدان میں اور آبی انتظامیہ میں بھی نمایاں کام کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کو ہماری جانب سے ہر طرح کا تعاون حاصل ہوگا ۔ اس کے علاوہ ہم نے دیگر بہت سے علاقوں میں کام کیا ہے ۔ فی الحال آسٹریلیا کی بہت سی بڑی کمپنیاں سرمایہ کاری کررہی ہیں اور اگر مستقبل میں کوئی کمپنی سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے تو ہم اسے مشورہ دیں گے کہ وہ مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کرے ۔

Australia explores investment opportunities in MP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں