پی ٹی آئی
مہاراشٹرا کی خصوصی مکوکا عدالت نے13جولائی2011ء کو ممبئی کے زاویری بازار، اوپیرا ہاؤز اور دادر علاقہ میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں کے معاملہ میں ماہ رمضان میں گوا ایرپورٹ سے گرفتار کئے گئے ملزم عبدالمتین دمدا عرف فاروق کو مقدمہ سے باعزت بری کئے جانے کا حکم جاری کیا۔ خصوصی مکوکا عدالت کے جج وائی ڈی شنڈے نے ملزم کو سی آر پی سی کی دفعہ169کے تحت مقدمہ سے باعزت رہا کئے جانے کا حکم صادر کرتے ہوئے اے ٹی ایس کو بھی حکم دیا کہ وہ متین کے قبضہ سے ضبط شدہ موبائل فون، پاسپورٹ اور دیگر اشیاء واپس کردئے۔ رہائی کی درخواست پر بحث کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شریف شیخ نے خصوصی عدالت کو کہا تھا کہ ملزم کا اس معاملہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اورنہ ہی وہ اس معاملہ کے دیگر ملزمین کو جانتا ہے اور استغاثہ کا یہ دعویٰ کہ ملزم نے یٰسین بھٹکل کو10لاکھ روپے بذریعہ حوالہ مہیا کروایا تھا اور جس کا استعمال13/7ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ میں استعمال ہوا تھا جھوٹ کا پلندہ ہے ۔
وکیل استغاثہ اجول نکم نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات ایجنسیوں کی ملزم سے پوچھ تاچھ مکمل ہوچکی ہے اور انہوں نے ملزم کے خلاف کوئی ثبوت نہیں پایا ہے لہذا انہیں ملزم کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ 13جولائی2011ء کو ممبئی کے مذکورہ بالا تین مقامات پر زبردست دھماکے ہوئے تھے جن میں21افراد ہلاک اور141افراد زخمی ہوگئے ۔ پہلا دھماکہ زاویری بازار میں6:50بجے ہوا ، دوسرا دھماکہ ایک منت بعد مصروف ترین اوپیراہاؤز کے علاقہ میں ہوا جب کہ تیسرا دھماکہ7بجے وسطی ممبئی کے دادر ویسٹ کے پر ہجوم مقام پر ہوا ۔ پولیس نے ان دھماکوں کا الزام ییسین بھٹکل، اسد اللہ اختر عرف تبریز ، نقی احمد، ندیم شیخ ، کنورپتر یجا، ہارون نائک ، محمد کفیل انصاری، وقاص احمد اور تحسین اختر پر عائد کیا ہے ۔
2011 Mumbai serial blasts accused Farooq acquitted
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں