اتر پردیش میں سیلاب کی صورتحال سنگین - 43 اموات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-19

اتر پردیش میں سیلاب کی صورتحال سنگین - 43 اموات

لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش کے بہرائچ ، شراوستی اور 7دیگر اضلاع میں سیلاب کی صورتحال ہنوز خطرناک ہے جہاں سیلاب سے ہونے والی اموات 43ہوگئی ہے ۔9اضلاع کی تقریباً22تحصیلوں میں ایک ہزار مواضعات کے5لاکھ سے زائد افراد سیلاب کے گھیرے میں ہے، تقریباً1.5ہیکٹر زرعی اراضی زیر آب آگئی ہے ۔ نیپال میں بادل پھٹ جانے اور گھاگرا، رابتی اور دیگر دریاؤ ں میں طغیانی سے یہ صورتحال پیدا ہوگئی ۔ چیف سکریٹری الوک رنجن نے کل28اموات کی توثیق کی تھی لیکن آج شراوستی سے مزید8اموات کی اطلاع کے بعد سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 43ہوگئی ہے ۔ بہرائچ سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں 227مواضعات زیر آب آگئے ہیں ۔ اس ضلع میں14افراد فوت ہوگئے ۔ ضلع کے تقریباً400اسکولوں اور کالجوں کو سیلاب کے پانی میں گھر جانے کے سبب یا راحتی کیمپ بنانے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق دریائے گھاگرا جروال روڈ پر خطرہ کے نشان سے1.5میٹر بلندی سے بہہ رہی ہے ۔ یہاں کئی مواضعات کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ ضلع میں تقریباً3.5لاکھ افراد سیلاب کے پانی میں محصور ہیں ۔ کل رات ہی گھاگرا ندی کے پانی سے30مواضعات زیر آب آگئے۔ یہاں راحتی ٹیمیں عوام کا محفوظ مقامات پر تخلیہ کرنے میں مصروف ہیں ۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب سیلاب کے متاثرین کے لئے بنائی گئی16چوکیاں غرقاب ہوگئیں جس سے راحتی اشیاء کی تقسیم کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔ حکومت اتر پردیش نے2فوجی ہیلی کاپٹرس کی خدمات بھی حاصل کی ہیں ۔ پی اے سی اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے تقریباً 7ہزار افراد کا تخلیہ کیا ہے ۔ ضلع شرادستی میں راپتی دریائے کی طغیانی سے تقریباً150مواضعات زیر آب آگئے۔ دوتحصیلوں کے117مواضعات میں تقریباً60ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہیں ۔ ضلع بلرام پور میں بھی تقریباً100مواضعات گھاگرا ندی میں طغیانی سے متاثر ہیں ۔ حکومت اتر پردیش نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس دیڑح لاکھ روپے معاوضہ اور زخمیوں کو62ہزار سے43ہزار روپے تک امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ فصلوں کے نقصان کے لئے بھی علیحدہ امداد دی جائے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں