یو این آئی
متحدہ آندھر پردیش کے 52ہزار ملازمین اور189اثاثوں کی تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان تقسیم کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ کملناتھن کمیٹی کو جس نے گزشتہ ماہ ملازمین اور اثاثوں کی تقسیم کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے تھے ، بے شمار اعتراضات اور تجاویز موصول ہوئیں ، جن میں بیشتر کا متنازعہ فقرہ18fسے تعلق ہے ۔ کمیٹی نے آندھر اپردیش اور تلنگانہ کے درمیان ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں قطعی رہنمایانہ ہدایات کو وضع کرنے کا کام شروع کردیا ہے ۔ کمیٹی نے کل شام ملازمین کی اسوسی ایشنوں کے نمائندوں سے سکریٹریٹ میں ملاقات کرکے متنازعہ فقرہ18fجیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا تاکہ سب کے لئے قابل قبول رہنمایانہ خطوط جاری کیے جاسکیں ۔ اس فقرہ کے تحت کمیٹی کو اختیار حاصل ہے کہ وہ جونیر ملازمین کو بلالحاظ ریاستی وابستگی اور آبائی مقام کسی بھی ریاست کو بھیج دے ۔کمیٹی اس معاملہ میں صرف اسٹاف کی کمی اور ضرورت کے نکات کو مد نظر رکھے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ دونوں ریاستوں کے ملازمین کی اسوسی ایشین نے کمیٹی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ متنازعہ فقرہ18fحذف کردے جو موجودہ ملازمین کے لئے ترقی کے تمام راستے مسدود کردیتا ہے ۔ دونوں ریاستوں کے ملازمین کی اسوسی ایشن کے مطالبہ پر کمیٹی نے سیما آندھرا ملازمین کے پیش کردہ سرویس ریکارڈز اور تعلیمی اسناد کی تنقیح سے اتفاق کرلیا ہے جنہوں نے تلنگانہ اسٹیٹ کو اپنا آبائی مقام قرار دیا تھا ۔ آل انڈیا سرویس کیڈر آئی اے ایس آئی پی ایس اور آئی ایف او ایس وغیرہ کی تقسیم کے لئے رہنمایانہ ہدایات کی پرتیوش سنہا کمیٹی کی جانب سے اجرائی کے چند ماہ بعد کملناتھن کمیٹی نے ریاستی ملازمین کی دونوں ریاستوں کے درمیان تقسیم کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کیے تھے۔ اسی دوران نئی د ہلی سے پی ٹی آئی کے بموجب تلنگانہ اور آندھراپردیش کے درمیان سرکاری کیڈر کی تقسیم کا کام آئندہ سال2جون کو مقررہ تاریخ سے بہت پہلے مکمل کرلیاجائے گا ۔ راجیہ سبھا کو اج اس بات سے مطلع کیا گیا ۔ مرکزی مملکتی وزیر پرسونل جیتندر سنگھ نے راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ جب آندھرا پردیش کی تقسیم عمل میں لائی گئی تو آئی اے ایس ، آئی پی ایس اور آئی ایف او ایس کے عہدیداروں کا عارضی الاٹمنٹ عمل میں لایا گیا تھا ۔ دونوں ریاستوں کے لئے قطعی الاٹمنٹ جون2015تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا سرویس کیڈر کی تقسیم کے لئے مرکز نے پرتیوش سنہا کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ کیڈر کی تقسیم کا کام ہم مقررہ وقت سے پہلے پہلے مکمل کرنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین کو متعلقہ ریاستوں میں ہی رکھنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں ، بصورت دیگر ایک معقول میکانیزم وضع کرتے ہوئے کیڈر کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین کو اپنی شکایات پیش کرنے کے لئے اطمینان بخش مہلت دی گئی ۔ اس کام میں کسی جانبداری سے کام نہیں لیاجارہا ہے ۔ ارکان نے سوالات اٹھاتے ہوئے نشاندہی کی تھی کہ ملازمین میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔اور عہدیدارتقسیم کے لئے اپنی بہترین کوششیں روبہ عمل نہیں لارہے ہیں ۔ وزیر نے بتایا کہ کملناتھ کمیٹی ، ریاستی ملازمین اور اثاثوں کی تقسیم کے لئے قطعی رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کے مرحلہ میں ہے۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں