پی ٹی آئی
قومی دارالحکومت میں یوم آزادی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے انسداد کے لئے زمینی وفضائی سیکوریٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ خصوصی طور پر لال قلعہ کے گردونواح کے علاقوں میں سیکوریٹی کا جال اس انداز سے بچھایا گیا ہے کہ قدم قدم پر سیکوریٹی فورسیز تعینات ہیں ۔ ہر قدم پر ایک سپاہی تعینات اور چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پہلی بار یہاں(لال قلعہ) کل قومی پرچم لہرانے کے بعد عوام سے خطاب کریں گے ۔ کئی دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے نریندر مودی کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اوران کی جان کو خطرہ کے پیش نظر اس بار سیکوریٹی انتظامات ہر پہلو سے سخت کئے گئے ہیں۔ دہلی پولیس اور نیم فوجی دستوں کے10ہزار سیکوریٹی عملہ کو تعینات کردیا گیا ہے جن کی عقابی نگاہ کو قرار نصیب نہیں ہوگا ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے وہ پوری طرح چوکس رہیں گے ۔ مقامی پولیس کے5ہزار عملہ کے علاوہ خصوصی سیل اور دہلی پ ولیس کی سیکوریٹی ونگ عملہ بھی خدمات پر تعینات کئے جائیں گے ۔ ٹریفک پولیس کو گاڑیوں کی بلا روک ٹوک آمد و رفت کو یقینی بنانے پر تعینات کردیا جائے گا ۔
وزیر اعظم کے علاوہ عام افراد سے متعلق بھی پختہ اور ٹھوس سیکوریٹی پلان تیار ہے۔ دہلی پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نبرد آزما ہونے پوری طرح تیار ہیں ۔ البتہ عوام سے تعاون کی درخواست ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ17ویں صدی کے مغلیہ قلعہ کے ارد گرد بلند و بالا عمارتوں کی چھت پر این ایس جی کے نشانہ بازوں کے علاوہ اسپاٹرس(نشان دہی کرنے والوں) کو چوکس رکھا جائے گا ۔گوئیک ری ایکشن ٹیموں ، بم اسکواڈس ، ڈاک اسکواڈ، سوات اور واجرا کو دہلی پولیس کی کمانڈویونٹس کے ہمراہ اہم مقامات پر تعینات کیاجائے گا۔ ہیلی کاپٹر س خلاس میں محو پرواز رہیں گے اور لال قلعہ کے ارد گرد دفاعی میکانزم کو یقینی بنایاجائے گا ۔ وزیر اعظم کی گاڑیوں کے قافلہ کی گزرگاہوں پر بھی سیکوریٹی انتہائی سخت ہوگی ۔ راج گھاٹ پر بھی پختہ سیکوریٹی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے گی کہ یہاں صبح صبح نریندر مودی مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ ریڈ فورٹ( لال قلعہ) کے گردونواح کے ایک ایک گوشہ میں سی سی ٹی ویرے نصب کئے جاچکے ہیں ۔ لال قلعہ میں ایک عارضی سنٹر ل کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے ۔ جہاں سینئر عہدیدار پل پل کی صورتحال پر توجہ مرکوز رکھیں گے ۔ لال قلعہ علاقہ میں کل صرف پارکنگ اسٹیکرس کی حامل گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں