کسانوں کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں - جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-06

کسانوں کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں - جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی نے آج اپنے ارکان پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ ڈبلیو ٹی او میں کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے این ڈی اے حکومت کی جانب سے اختیار کردہ موقف کو عوام تک پہنچائیں ۔ پارٹی نے تیقن دیا کہ کسی بھی قیمت پر کسان برادری کے مفادات پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی ۔ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن ڈبلیو ٹی او کی بات چیت اور وہاں اختیار کردہ ہندوستانی موقف کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ حکومت عالمی دارہ کی جانب سے ہندوستانی کسانوں کے خلاف تمام اقدامات کو روکے گی اور مزاحمت کرے گی۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جیٹلی نے یہ بات کہی۔ قبل ازیں مرکزی مملکتی وزیر کامرس نرملا ستیا رامن نے لوک سبھا میں عالمی تنظیم تجارت سے متعلق ہندوستان کے موقف کی صراحت کرتے ہوئے کہا کہ دوحہ تجارتی مذاکرات پر عالمی تنظیم تجارت میں2001سے تبادلہ خیال جاری ہے ۔ ان وزارتی فیصلوں میں سے دو فیصلے انتہائی اہمیت کے ہیں۔ ان میں سے ایک تجارتی فروغ کے معاہدے پر وزارتی فیصلہ اور دوسرا ہے حفاظت و سلامتی کے مقاصد سے غذائی اشیاء کا ذخیرہ کئے جانے سے متعلق وزارتی فیصلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی فروغ و ترقی کے معاہدے کا بنیادی مقصد زیادہ شفافیت اور کسٹمز کے عمل کو سہل بنایاجانا ، الیکٹرانک ادائیگیوں اور جوکھم کے انتظام کی تکنیکوں کا استعمال اور بندرگاہوں کو جلد از جلد خالی کئے جانے کا عمل شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے متعدد خود مختار اقدامات کئے ہیں جن میں انڈین کسٹمز سنگل ونڈو پراجکٹ شامل ہے ۔ اس کا اعلان سال2014-15کے بجٹ میں کیاجاچکا ہے ۔ اس کا مقصد تجارت کو فروغ دینا ہے جس کے تحت درآمدات کا ر اور برآمدات کار ایک ہی جگہ اپنی دستاویزات داخل کرسکیں گے جس کے نتیجے میں مختلف سرکاری ایجنسیوں سے کام کرانے سے بچا جاسکے گا اور کاروبار کی لاگت اور وقت میں بچت ہوسکے گی ۔ تجارتی فروغ کے معاہدے(ٹی ایف اے) کے پروٹوکول کو عالمی تنظیم تجارت کے ذریعہ31جولائی2014تک اختیار کیاجانا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں