یوپی ایس سی تنازعہ پارلیمنٹ کی کارروائی درہم برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-06

یوپی ایس سی تنازعہ پارلیمنٹ کی کارروائی درہم برہم

نئی دہلی
پی ٹی آئی
یوپی ایس سی مسئلہ پر جاری تنازعہ کی وجہ سے آج پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل پڑا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس مسئلہ پر بیان دینے اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے اس مسئلہ کا جائزہ لینے اور اس پر مباحث کا مطالبہ کیا ۔ راجیہ سبھا میں تمام اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ پر مباحث کرائے جائیں اور اس کا کوئی حل تلاش کیاجائے کیونکہ یہ مسئلہ لاکھوں طلباء کے کیرئیر سے تعلق رکھتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ پر حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلے کو معطل رکھتے ہوئے24اگست کو مقرر سیول سرویسس پر یلیمنری امتحانات کو ملتوی کردیا جائے۔ راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن ارکان نے اس مسئلہ پر ہنگامہ برپا کردیا اور ایوان کے وسط میں پہنچ گئے جس کے نتیجہ میں ایوان کی کارروائی کو نصف گھنٹہ کے لئے ملتوی کرنا پڑا ۔ لوک سبھا میں بھی وقفہ صفر کے دوران15منٹ کے لئے کارروائی اس وقت ملتوی کرنی پڑی جب سماج وادی پارٹی اور آ جے ڈی کے ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور اس مسئلہ پر شوروغل شروع کردیا ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے ان سے کہا کہ وہ اپنے مطالبے کے سلسلہ میں نوٹس دیں۔9اپوزیشن جماعتوں نے اس مسئلہ پر مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن صدر نشین حامد انصاری نے کہا کہ وہ مناسب نوٹس دیں اور غیر متعلق معاملات وقفہ سوالات کے دوران نہ اٹھائیں ۔ مختلف اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس ، سماج وادی پارٹی ، بی ایس پی ، جنتادل یو ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم،ڈی ایم کے، اے آئی اے ڈی، ایم کے اور ٹی ایم سی نے اس معاملہ کی جلد یکسوئی کے لئے اس پر مباحث کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے سی ایس اے ٹی کو منسوخ کرنے اور یوپی ایس سی امتحانات ملتوی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔
انہوں نے اس معاملہ پر جلد مباحث کا حکومت سے تیقن مانگا لیکن ڈپٹی چیرمین پی جے کرین نے کہا کہ اس معاملہ کو بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس یا صدر نشین کے ساتھ مختلف جماعتوں کے صبح میں ہونے والی میٹنگ کے دوران اٹھانا چاہئے ۔ اسی دوران ان موصولہ علیحدہ اطلاع کے بموجب بیسیویں یوپی ایس سی امیدواروں نے سی ایس اے ٹی کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر آج بھی اپنا احتجاج جاری رکھا ۔ حکومت نے کل اعلان کیا تھا کہ اس ٹسٹ میں انگریزی دانی کے نشانات کو سیول سرویسس پلیمنری امتحانات کی میرٹ لسٹ میں شامل نہیں کیاجائے گا ۔ امیدوارں نے جو گزشتہ26دن سے شمالی دہلی کے مکرجی نگر میں سی ایس اے ٹی فارمیٹ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، اب اپنے احتجاج کوجنتر منتر منتقل کردیا ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ جب تک مرکز اس ٹسٹ کو پوری طرح منسوخ نہیں کردیتا وہ اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ احتجاج کے مقام پر عام آدمی پارٹی لیڈر یوگیندر یادو بھی موجود تھے ۔ ایک احتجاجی پون نے کہا کہ ہم یو پی ایس سی امتحانات کے بارے میں حکومت کے اعلان سے مطمئن نہیں ہیں۔ حکومت نے ایسی تبدیلیاں کرتے ہوئے اپنے وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مودی حکومت سی ایس اے ٹی ٹسٹ کو پوری طرح منسوخ کردے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حکومت نے مظاہرین کے احتجاج کے آگے کل گھٹنے ٹیکتے ہوئے اعلان کیاتھا کہ سی ایس اے ٹیIIامتحان میں انگریزی دانی کے نشانات سیول سرویسس پریلمنری امتحانات کی میرٹ لسٹ میں شامل نہیں کئے جائیں گے ۔

UPSC row: Parliamentary proceedings disrupted again

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں