قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقریب و پرچم کشائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-16

قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقریب و پرچم کشائی

حیدآباد
سید مقبول / ایس این بی
تلنگانہ ریاست کے پہلے تاجدار کے چند ر شیکھر راؤ نے دیرینہ روایت کو توڑتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ کے بجائے تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ68ویں یوم آزادی کے موقع پر62فٹ بلند پول پر تارامتی مسجد کے قریب قومی پرچم لہرایا ۔اس موقع پر تاریخی قلعہ گولکنڈہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے تالیوں کی گونج میں اس بات کا اعلان کیا کہ نو تشکیل شدہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ انکی حکومت50ہزار ملازمتیں فراہم کرے گی ساتھ ہی ساتھ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کنٹراکٹ ملازمین کے خدمات کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس ضمن میں ان کی حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات سے واقف کروایا ۔ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقلیتوں کی بہبود کے لئے ان کی حکومت نے1000کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے جب کہ ان کی حکومت وقف بورڈ کو عدالتی اختیارات بھی فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مظف حج کی قیادت میں12فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے ایک کمیٹی قائم کرے گی ۔ پیشرو حکومت کی بد عنوانیوں کے عمل اور ترقی و بہبود کونظر انداز کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تمام شعبوں کی تین لاکھ ایکر اراضی صنعتوں پر توجہ دینے کے اپنی حکومت کے عہد کا اعادہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی ترقی و بہبود کو اعلی ترجیح دیتی ہے ۔ حیدرآباد شہر کو جلد ہی وائی فائی اور4Gسہولتوں سے لیس شہر میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کی سہولت سے بیرونی کمپنیاں ریاست تلنگانہ میں سرمایہ مشغول کرنے کے لئے راغب ہوں گی ۔ پینے کا پانی ، برقی سربراہی اور مضافات مٰں بس ٹرین ٹرمینلس کے قیام کا بھی وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا۔ مرحلہ واری طور پر طئے پار رہے انتخابی وعدوں کی فہرست گناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خشک سالی اور طوفان سے متاثرہ کسانوں کو جو گزشتہ پانچ برسوں سے نقصانات سے دوچار ہوئے ہیں حکومت انپٹ سبسیڈی کے تحت482کروڑ روپے جاری کرچکی ہے ۔ بافندوں کو فوری راحت دینے کے لئے6.56کروڑ روپے جاری کئے ہیں ۔ اسی طرح پاورلون کے بقایاجات معاف کئے گئے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دسہرہ تہوار کے بعد تاڑی کے دکانوں کو پھر سے شروع کیا جائے گا اس کے علاوہ معمر افراد ، بیواؤں اور معذورں کو وظائف دیئے جائیں گے ۔ تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم لہرانے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے قلعہ کولگنڈہ کی تاریخی خصوصیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے اس موقع پر رام داس کی تاریخ کا حوالہ بھی دیا جو اس قلعہ میں قید تھے ۔ اپنی نصف گھنٹہ کی تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ نے گولکنڈہ کی قدیم تہذیب اور وراثت کی تشریح کو ترجیح دی جو ہیرے اور موتیوں کی تجارت کے لئے جانا جاتا تھا۔عوام کی بہبود اور ترقی کے تئیں پر عزم ہونے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ عوام کے تعاون سے ریاست تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کریں گے۔ نصب کردہ شہ نشینوں سے پولیس دستوں کی روایتی سلامی لینے کے بعد وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موتیوں کے شہر قلعہ گولکنڈہ میں ترنگا لہرانا ان کے لئے باعث فخر ہے جو قدیم دور کی کشش اور جدیدیت کے امتراج کے منظر کا مشاہدہ کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قلعہ گولکنڈہ کو منفرد حیثیت حاصل ہے ۔ دنیا کا سب سے قیمتی کوہ نور ہیرا بھی قلعہ گولکنڈہ سے ہی برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے قلعہ گولکنڈہ کے بانیوں کے علاوہ قطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کو خراج پیش کیا ۔
وزیر اعلیٰ نے قبل ازیں سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر شہید فوجیوں کو بھرپور خراج پیش کیا اور قلعہ گولکنڈہ پہنچے۔ قلعہ گولکنڈہ کے سر سبز و شاداب لان پر رانی محل کے قریب جہاں تلنگانہ کے مختلف آرٹ کے نمونوں اور مدہوش کن موسیقی و رقص کا مشاہدہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے48دلتوں میں اس موقع پر3ایکر اراضی کے پٹوں کی تقسیم عمل میں لائی ۔ اس موقع پر جگہ کی گنجائش نہ ہونے کے سبب جھانکیوں کے لئے جگہ نہیں دی گئی ۔

ایس این بی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حیدرآباد کی عظمت رفتہ کی بحالی کے طو ر پر تاریخی قلعہ گولکنڈہ پر وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے قومی پرچم لہرانے کا واقعہ تلنگانہ کی تاریخ کا ایک یادگار حصہ بن چکا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے حیدرآباد دکن سے وابستہ ہر فرد وزیر اعلیٰ کے سی آر کے مستحسن اقدام کی گواہی دے رہا تھا وہیں تاریخی قلعہ گولکنڈہ کے دامن میں رہنے و بسنے والے عوام کی مسرت کی انتہا نہ رہی ۔ ترقی کے اعتبار سے پسماندہ علاقہ کے مکینوں میں اس وقت مسرت کی لہر دوڑ گئی جب وزیر اعلیٰ کے سی آر نے گزشتہ چند دن قبل تاریخی قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرانے کا اعلان کیا تھا اور آج جب قلعہ گولکنڈہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اعتماد اور پوی شان و شوکت کے ساتھ جب یہاں یوم آزادی تقریب منائی گئی تو اس علاقہ کا ہر فرد اپنے آپ پر فخر محسوس کررہا تھا۔ قلعہ کو جانے والی سڑکوں اور قلعہ تک پہنچنے کے لئے داخل ہونے والے دروزوں پر عوام کا ہجوم ، سائرنیں بجاتی ہوئی اہم شخصیتوں کی گاڑیاں اور بے مثال سیکوریٹی بندوبست نے اس علاقہ کو ہر شہری کی توجہ کا مرکز بنادیا تھا ۔ 14اگست کی شب تاریخی قلعہ گولکنڈہ کو بقعہ نور بنادیا گیا تھا ۔ اور اس منظر کو دیکھ کر اس علاقہ کے ہر فرد کے چہروں پر مسکراہٹ اور خوشی کے آثار نمایاں دکھائی دے رہے تھے اور وہ اپنے سلاطین کے تاریخی کارناموں پر فخر محسوس کررہے تھے ۔ تقریباً5دہوں سے زائد عرصہ بعدقلعہ گولکنڈہ کو حکومت کی توجہ حاصل ہوئی ہے جسے کے سی آر حکومت کے تاریخی کارنامہ کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں