اوسط آمدنی والے طبقہ کے لئے قابل استطاعت مکانات کی فراہمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-16

اوسط آمدنی والے طبقہ کے لئے قابل استطاعت مکانات کی فراہمی

مسلمانوں اور مراٹھا عوام کو تحفظات کی فراہمی کا تذکرہ ۔ یوم آزادی تقریب سے چیف منسٹر مہاراشٹرا کا خطاب
ممبئی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے آج کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اوسط آمدنی گروپ سے تعلق رکھنے والے عوام اپنے ذاتی گھر رکھنے کے قابل بنیں۔چیف منسٹر 68ویں یوم آزادی کے موقع پر یہاں منترالیہ میں ترنگا لہرانے کے بعد خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک آدمی کے لئے ممبئی یا مہاراشٹرا کے دیگر بڑے شہروں میں ذاتی گھر حاصل کرنا انتہائی مشکل ہے ۔ ہم نے قابل استطاعت مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد کی طرف کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پرتھوی راج چوہان نے مزید کہا کہ حکومت مہاراشٹرا کو اگلے پانچ برسوں میں’’ آن لائن‘‘ ریاست بنائے گی ۔ جس کے نتیجہ میں کرپشن میں کمی ہوگی اور شہریوں کو سرکاری سہولتوں کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہاراشٹرا کو آن لائن ریاست بنانا چاہتی ہیں جس سے شہریوں کو گھر بیٹھے حکومت کی تمام خدمات حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس سے حکومت کی کارروائیوں میں شفافیت کے علاوہ کارکردگی میں بہتری ہوگی۔ ہم اس اسکیم کو چھوٹے سے چھوٹے گاؤں تک پہنچانے کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی میعاد کے دوران مراٹھا عوام اور مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے ہیں ۔ اس طرح ان کے طویل مطالبات کی تکمیل ہوئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مراٹھاؤں اور مسلمانوں کو سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروںں تحفظات کی فراہمی کے ذریعہ ہم نے اقلیتی طبقات کے مطالبات کی تکمیل کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے ۔ راجیو گاندھی جیون دائی آروگیہ یوجنا شروع کرتے ہوئے حکومت نے ضرورت مند عوام کو علاج کی مفت سہولت کے حصول کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے ۔ اس اسکیم کے آغاز کے وقت سے تقریباً5.62لاکھ افراد نے اس سے استفادہ کیا ہے ۔ اور حکومت نے اس پر712کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں