مغربی بنگال میں ترقی کے بڑھتے مواقع - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-03

مغربی بنگال میں ترقی کے بڑھتے مواقع - ممتا بنرجی

کولکاتا
ایس این بی
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ بارجورا(بالکوڑہ) میں سدھارتھ برلا کے ذریعہ چلانے جانے والے ایکسپر یسو انڈیا کے پلانٹ کا افتتاح کیا۔ کمپنی کے بیان کے مطابق200کروڑ روپے کے اس کارخانے میں ڈائی الیکٹرک کے پارٹس تیار ہوں گے ۔ اس پروجیکٹ کے لئے بی سی بنک(جرمنی) ، ایس بی آئی اور اس کے معاون بنکوں نے مالی مدد کی ہے ۔ افتتاحٰ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے کہا کہ جہاں امن ہوگا وہیں ترقی ہوگی ۔ کل کارخانوں کا قیام ہوگا، صنعتیں فروغ پائیں گی ، جنگل محل اب امن کی علامت بن چکا ہے ۔ یہاں امن لوٹ آیا ہے ۔ ریاست میں ہر طرف امن اور ترقی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہاڑ پر پچھلے کئی برسوں سے بدامنی پھیلی تھی، تبدیلی کے بعد جب ماں ماٹی مانش کی حکومت آئی تو پہلا ہدف تھا ریاست میں امن بحال کرنا ، اب پہاڑ پر امن آگیا۔ وہاں بھی ترقی کی لہر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑ سے جنگل محل تک میں نے تین سال کے دوران کئی دورے کئے اور ترقیاتی پروجیکٹوں کو آگے بڑھایا ۔ ریاست کے لاکھوں بے روزگار نوجونوں کو سرکاری امداد پہنچائی گئی اور اس سمت میں ہماری حکومت مسلسل کام کررہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے آج بانکوڑہ ضلع کے پالیٹکنک کالج سمیت کئی جدید پروجیکٹوں کا اعلان کیا اور کئی صنعتوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ مقامی ایم پی من من سین بھی تھیں۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ضلع دفتر میں انتظامی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کر کے ضلع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اور کنیا شری پروجیکٹ کے تحت کئے جارہے کام کاج کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی دی۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ کوریا اور تائیوان کے صنعت کاروں نے ریاست میں کمپیوٹر ہارڈوئیر اور الیکٹرونکس کے سامانوں کی تیاری میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ فیس بک پر اپنے پوسٹ میں ممتابنرجی نے لکھا ہے کہ اہم ترین واقعات میں کوریا اور تائیوان کے صنعت کاروں نے بنگال میں کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور الیکٹرونکس کی تیاری میں سرمایہ لگانے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اس سے ریاست میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ شمالی24پرگنہ ضلع کے نئی ہٹی میں بنے ریاست ہارڈویئر پارک کا دورہ کرنے کے بعد کوریا کی ٹیم نے بنگال سے کافی امیدیں جتائی ہیں ۔ انہوں نے کوریائی کمپنیوں کے لئے ہارڈ ویئر کے شعبے میں سرمایہ لگانے کے لئے بنگال کو اپنی منزل بتایا ۔ ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ کوریائی کمپنیاں مغربی بنگال کو بنگلہ دیش ، میانمار ، چین اور دیگر ایشیائی ملکوں کو الیکٹرونکس اور ہارڈ ویئر سامانوں کے ایکسپورٹ کے گیٹ وے کے طور پر استعمال کرنے کی شکل میں دیکھ رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ کوریا اور تائیوان کی کمپنیوں کے ذریعہ مغربی بنگال ہارڈ وئیر اور الیکٹرونکس سامانوں میں بازار حصہ داری کو بہتر بنانا چاہتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں