چینلوں کی نشریات قواعد کے مطابق کی جائیں - مرکزی وزیر اطلاعات کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-10

چینلوں کی نشریات قواعد کے مطابق کی جائیں - مرکزی وزیر اطلاعات کی ہدایت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے کل ملٹی سسٹم آپریٹرس سے کہا کہ وہ قواعد کے مطابق ٹی وی چینلوں کی نشریات کو یقینی بنائیں ۔ ان میں لازمی اور دوردرشن کے چیانلس بھی شامل ہیں۔ یہاں ایک اجلاس کے دوران جاؤڈیکر نے ملٹی سسٹم آپریٹرس کو ہدایت دی کہ چیانلس کی نشریات کے معاملہ میں قواعد کی پاسداری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں ان کی وزارت کا رروائی کرے گی ۔ انہوں نے دو ٹی وی چیانلوں کا مسئلہ بھی اٹھایا جن کی نشریات آپریٹرس نے تلنگانہ میں روک دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشریات کے معاملہ میں رہنما یانہ خطوط پر عمل آوری کی جائے۔ قبل ازیں دو چیانلوں کی نشریات کی مسدودی کا معاملہ راجیہ سبھا میں آیا جہاں پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ حکومت پہلے ہی آپریٹرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قواعد کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو وزارت ملٹی سسٹم آپریٹرس کا لائسنس بھی منسوخ کرسکتی ہے ۔ جاؤڈیکر نے راجیہ سبھا کو تیقن دیا کہ وہ تلنگانہ میں دو چیانلوں کی نشریات کی مسدودی سے متعلق مسئلہ کی یکسوئی کردیں گے ۔ واضح ہو کہ تلنگانہ میں کیبل آپریٹرس نے تلگو ٹی وی چیانلوں اے پی این آندھرا جیوتی اور ٹی9کی نشریات رضاکارانہ طور پر بند کردی تھیں کیونکہ ان چیانلوں پر تلنگانہ زبان اور لب و لہجہ کا مضحکہ اڑاتے ہوئے پروگرامس پیش کیے جارہے تھے۔ اس کے علاوہ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر بھی ان چیانلوں پر مخالف تلنگانہ پروگراموں کی بھرمار ہوگئی تھی ۔ تلگو دیشم کے رکن پارلیمنٹ نے کل اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا اور ٹی آر ایس حکومت پر صحافت کا گلا گھوٹنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ چندرا شیکھر راؤ کی ایماء پر اسمبلی میں دو ٹی وی چیانلوں کے خلاف قرار داد منظور کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے اسپیکر سے درخواست کی گئی تھی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں