اقلیتوں کے لئے سب پلان حکومت آندھرا کے زیر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-20

اقلیتوں کے لئے سب پلان حکومت آندھرا کے زیر غور

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
حکومت آندھرا پردیش اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے لئے سب پلان پیش کرنے پر غور کررہی ہے۔ آندھرا کے وزیر اقلیتی بہبود پی رگوناتھ ریڈی نے قانون ساز اسمبلی میں اطہر چاند بادشاہ ،جلیل خان ، محمد مصطفی شیخ اور عظمت باشا کے ایک سوال کے جواب میں یہ بات بتائی ۔ یہ چاروں ایم ایل ایز کا تعلق وائی ایس آر کانگریس سے ہے ۔ وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ تلگو دیشم اقلیتوں کے بہبود کی پ ابند ہے۔ ٹی ڈی پی قائد این چندرا بابو نائیڈو نے اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیاتھا۔ کانگریس حکومت نے بجٹ میں1,027کروڑ مختص کئے لیکن صرف670کروڑ روپے جاری کئے اور اس میں سے493کروڑ روپے صرف کئے۔ ریاستی حکومت نے مرکز کو یہ تجویز پیش کی ہے کہ آندھرا پردیش کے لئے دستور کے دسویں شیڈول کے تحت علیحدہ وقف بورڈ تشکیل دینے کی اجازت دے ۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہوگا کہ درج فہرست طبقات اور قبائل کے لئے سب پلان موجود ہے۔ اس سے یہ فائدہ حاصل ہوتا ہے کہ بجٹ میں جو رقم مختص کی جاتی ہے وہ اسی طبقہ کے لئے استعمال ہوتی ہے اور سال ختم ہونے کے باوجود برقرار رہتی ہے ۔ ایک عرصہ سے اقلیتوں کے لئے سب پلان کا مطالبہ کیاجارہا ہے ۔ قبل ازیں مسٹر جاوید باشاہ نے اقلیتوں کی بدحالی کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ صرف زبان ہمدردی سے کچھ ہونے والا نہیں ہے ۔ آنجہانی راج شیکھر ریڈی نے اقلیتوں کی صحیح خدمت کی اور4 فیصد تحفظات پیش کئے ۔ ان چار فیصد تحفظات سے مسلمانوں کو کافی فائدہ پہنچا ۔ مستقل تحفظات کے لئے حکومت کو سپریم کورٹ میں ایک نامور ایڈوکیٹ کی خدمات حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے تلنگانہ کی مثال دی جہاں12فیصد تحفظات کے لئے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس کے جلیل خان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ تلگو دیشم میں ایک بھی مسلم ایم ایل اے نہیں ہے ، جس پر ایوان میں شوروغل مچ گیا ۔ اس موقع پر اسپیکر نے جلیل خان سے کہا کہ وہ اپنے موضوع پر ہی بحث کرے ۔ جلیل خان نے کہا کہ آخر وجہ کیا تھی کہ ٹی ڈی پی سے ایک بھی مسلم ایم ایل اے منتخب نہیں ہوا ۔ کیا بی جے پی سے اتحاد اس کی وجہ ہوسکتی ہے ۔ اگر چندرا بابو نائیڈو چاہتے تھے مسلم وزیر کابینہ میں شاملہوتے اور اندرون6ماہ اسے ایم ایل سی منتخب کرواتے ۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق نارائنہ کی مثال پیش کی اور کہا کہ وہ کسی بھی ایوان کے رکن نہیں تھے ، انہیں وزیر بنایا گیا اور بعد میں کونسل کا رکن بنایا گیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ ایس رگھو راؤ نے بتایا کہ روڈ کم ریل برج راجمندری کے پاس عارضی تعمیر کا کام جاری ہے جہاں2015میں گوداوری کشکر منعقد ہونے والا ہے جس پر2.5کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ وزیر فینانس چہار شنبہ کو ایک لاکھ دس کروڑ روپے کا بجٹ اسمبلی میں پیش کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں