افغان صدارتی انتخاب - ووٹوں کی جانچ پڑتال معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-04

افغان صدارتی انتخاب - ووٹوں کی جانچ پڑتال معطل

کابل
رائٹر
افغان صدارتی امید وار عبداللہ عبداللہ کی جانب سے انتخابات میں مبینہ فراڈ کے تدارک کے طریقہ کار پر اختلاف سامنے آنے اور ووٹوں کی جانچ پڑتال کے عمل میں ایک مرتبہ پھر تعطل کے بعد اس عمل کے احیاء کی کوششیں جاری ہیں ۔ افغانستان میں حالیہ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد دونوں امیدواروں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے بے قاعدگیوں اور دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی اپنی فتح کا اعلان کردیا تھا ، جسکے بعد اس شورش زدہ ملک میں سیاسی ڈیڈ لاک کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا ۔ تاہم جون کی14تاریخ کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی سفارتی کوششوں کے بعد ان دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ اتفاق رائے طے پایا تھا کہ ڈالے گئے18ملین ووٹوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور اس کے بعد سامنے آنے والے نتیجے کا دونوں رہنما احترام کریں گے ۔ ووٹوں کی جانچ پڑتال پر اتفاق رائے کے باوجود دونوں رہنماؤں کے درمیان متعدد معاملات پر اختلافات کی وجہ سے جانچ پڑتال کا عمل مسلسل مشکلات کا شکار ہے ۔ اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان سب سے بڑا اختلاف یہ ہے کہ کس بنیاد پر کسی ووٹ کو درست یا غلط قرار دیا جائے ۔ اس سے قبل اقوام متحدہ اور افغانستان کے خود مختار الیکٹورل کمیشنIECنے اعلان کیا تھا کہ دونوں رہنما ہفتے کے روز سے ووٹوں کی جانچ پڑتال کے عمل کے دوبارہ آغاز پر رضا مند ہوگئے ہیں، تاہم عبداللہ عبداللہ کے نمائندے ہفتے کو اس عمل میں شمولیت کے لئے کابل میں قائم الیکشن کمیشن کے دفتر نہیں پہنچے ۔ عبداللہ عبداللہ کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ساتھ مذاکرات کے دوران کسی ووٹ کے کالعدم قرار دیے جانے کی بنیاد طے پانے تک وہ اس عمل میں شریک نہیں ہوں گے ۔ عبداللہ عبداللہ کے اس ترجمان نے ہفتے کے روز کہا ، افغان الیکشن کمیشن اقوام متحدہ کی تجاویز پر رضا مند ہوگیا ہے ، تاہم ہمارے تحفظات ابھی باقی ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا آج اس عمل کے آغاز میں شریک نہ ہونا، نہ بائیکاٹ تھا اور نہ ہی اس عمل کو روکنے کی کوئی کوشش ، مسئلہ یہ ہے کہ اس جانچ پڑتال کے لئے واضح بنیاد کا طے ہونا ضروری ہے ۔

Vote auditing of Afghan presidential elections postponed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں