وزیر اعظم مودی نے لاپتہ نیپالی لڑکے کو خاندان سے ملا دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-04

وزیر اعظم مودی نے لاپتہ نیپالی لڑکے کو خاندان سے ملا دیا

کھٹمنڈو
پی ٹی آئی
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ منظر بالی ووڈ کی کسی فلم سے لیا گیا ہے مگر یہ حقیقی منظر ہے۔ اس لڑکے کی کہانی کا جو 16سال قبل لاپتہ ہوکر پھر سے اپنے خاندان سے جڑ گیا ۔ 26سالہ جیت بہادر کے لئے ایک انتہائی جذباتی منظر تھا جب وہ اپنے خاندان سے دوبارہ جڑ گئے۔ تقریباً16سال قبل وہ اپنے بھائی سے اس وقت بچھڑ گئے تھے جب وہ ہندوستان میں ملازمت کے سلسلہ میں آئے تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جیت بہادر کو خاندان سے ملانے میں اہم کردار نبھایا ۔ جیت بہادر ہندوستان میں لاپتہ ہوگئے تھے اور مودی کو وہ احمدآباد میں ملے۔ اس کے بعد سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی سرپرستی میں اہم رول نبھایا ۔ اس دوران انہوں نے ان کی تعلیم و فلاح کے لئے اقدامات کئے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بہادر کے خاندان کو نیپال میں تلاش کرنے اور اس کو خاندان والوں سے دوبارہ ملانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ۔ نیپال کے دو روزہ دورہ پر آج کاٹھمنڈو پہنچنے کے بعد مودی نے اسے اس کے خاندان سے ملادیا ۔ اس مقع پر جیت بہادر کے ارکان خاندان میں سے اس کی ماں کاگی سرا، بڑا بھائی اور بھاوج کے علاوہ چھوٹی بہن موجود تھے ۔ خاندان کے تمام ارکان نیپال کے ضلع نولپراسی کے ایک گاؤں سے یہاں بچھڑے ہوئے بیٹے سے ملنے کے لئے آئے تھے ۔ مودی کی موجودگی سے پرجوش خاندان کے ارکان نے جیت بہادر کو گلے لگالیا۔ جیت بہادر8برس کی عمر میں اپنے خاندان سے بچھڑ گیا تھا۔ مودی کے رابطہ میں آنے کے بعد انہوں نے اس کی پرورش کی اور آج پھر اسے اپنے خاندان سے ملا دیا۔ اس موقع پر مودی نے جیت بہادر کی ماں سے سوال کیا کہ بیٹا ملنے پر آپ کیسا محسوس کررہے ہیں۔ کئی سال کے بعد اپنے کھوئے ہوئے بچہ کو دیکھنے کے بعد مسرت ہونی چاہئے ۔
اس پر جیت بہادر کی ماں نے مودی سے ان کے لڑکے کو ان کی سرپرستی میں ایک دھرم پتر کی طرح تعلیم یافتہ بنانے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔ پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے جیت بہادر نے کہا کہ مودی نے ان کی اپنے چھوٹے بھائی کی طرح دیکھ بھال کی، میں ان سے اس وقت ملا تھا جب میری عمر8تا10سال تھی۔ میں یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میری ماں بھی میرے لئے اتناکچھ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں ایک وی آئی پی کے ساتھ زندگی گزارا تاہم میں نے کبھی یہ محسوس نہیں کیا کہ میں ایک وی آئی پی کے ساتھ رہ رہا ہوں ۔ بی بی اے کے دوسرے سال میں تعلیم جیت بہادر اتنے طویل عرصہ کے بعد اپنے خاندان والوں سے ملنے کے باوجود ہندوستان میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کے خواہاں ہیں ۔ وہ اپنی مادری زبان نیپالی میں بات چیت نہیں کرسکتے مگر وہ اسے سمجھ سکتے ہیں ، تاہم ہندی میں روانی کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔

Modi helps Nepali boy reunite with his family in Nepal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں