ٹکنالوجی شعبہ میں ہندوستان کے قائدانہ رول پر زور - مودی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-21

ٹکنالوجی شعبہ میں ہندوستان کے قائدانہ رول پر زور - مودی کا خطاب

نئی دہلی
آئی اے این ایس/ پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ٹکنالوجی کو کلیدی قوت متحرکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی قائد بننے ہندوستان کو اس شعبہ میں آگے رہنے کی ضرورت ہے ۔ مودی نے یہاں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن( ڈی آر ڈی او) کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور جنگ و دفاع کے پیمانے بھی تبدیل ہوتے جارہے ہیں۔ ٹکنالوجی کلیدی قوت متحرکہ بنتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سب سے بڑا چیلنج یہ دیکھنا ہے کہ آیا ہم کسی کام کو وقت سے پہلے مکمل کرسکتے ہیں۔ اگر دنیا کوئی کام2020ء میں مکمل کرنے والی ہے تو کیا ہم اس کام کو2018تک مکمل کرسکتے ہیں؟ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ کوئی پروگرام 1992میں تیار کیاجائے اور2014میں کوئی یہ کہے کہ اس کی تکمیل میں مزید وقت لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آر ڈی او کو دنیا کے لئے ایک ایجنڈہ ترتیب دینا چاہئے ۔ وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان مخصوص جغرافیائی مقام رکھتا ہے ۔ ہم صدیوں سے گڑ بڑ زدہ پڑوس میں رہتے آئے ہیں اور ہم اسے تبدیل نہیں کرسکتے ۔ ہماری تیاری ہی جنوبی ایشیاء کے خطہ میں امن کی بہترین ضمانت ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آر ڈی او کو اپنے پروگراموں میں تیزی لانی چاہئے اور برآمدات پر توجہ دینی چاہئے ۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو ڈی آر ڈی اوکی طرف راغب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائنسدانوں کو کچھ عرصہ تک یونیورسٹیز سے وابستہ رہنا چاہئے تاکہ وہ طلباء کے لئے ایک مثال قائم کرسکیں ۔ آئیے ہم اس شعبہ میں یونیورسٹیوں کی شناخت کریں اور پھر سائنسدانوں کو ایسی یونیوسٹیوں سے وابستہ کریں۔ ایسا کرنے سے طلباء کومدد ملے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈی آر ڈی او کو35سال سے کم عمر سائنسدانوں کے لئے ایک لیباریٹری قائم کرنی چاہئے تاکہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرسکیں ۔ وزیر اعظم نے ڈی آر ڈی اوایوارڈس بھی پیش کئے ۔ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے سابق چیف کنٹرولر دیپانکر بنرجی کو’’کارنامہ حیات‘ایوارڈ دیا گیا ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دی ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب وزیر اعظم نے ڈی آر ڈی او کے کئی پروگراموں کے شیڈول سے پیچھے ہونے کے پس منظرمیں آج ایک طاقتور پیام دیتے ہوئے ’’چلتاہے‘‘ رویہ پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے دفاعی تحقیق کے ادارہ سے کہا کہ ہندوستان کو عالمی قائد بنانے اپنے پراجکٹس وقت سے پہلے مکمل کریں ۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ دفاعی شعوں میں ٹکنالوجی تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور ہندوستان پیچھے رہ گیا ہے کیونکہ ہم سے دو قدم آگے رہنے والی اشیاء اس وقت بازار میں آچکی تھیں جب ہم نے ایسے کسی سسٹم کا تصور تک نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے لیکن میرے خیال میں’’چلتا ہے‘‘(لاپرواہ) رویہ اس کی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہوئے نہیں بلکہ دنیا کو راستہ دکھاتے ہوئے اس کی قیادت کرسکتے ہیں ۔ وزیر اعظم یہاں ڈی آر ڈی او کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

ڈیجیٹل انڈیا کے منصوبے کو کابینہ کی منظوری
نئی دہلی سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ملک میں وسیع تر مواصلاتی انقلاب لانے کے لئے آج ڈیجیٹل ہندوستان منانے کے پر عزم منصوبے کو کابینہ نے منظوری دیدی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج شام یہاں کابینہ کی میٹنگ میں اسے منظوری دی گئی ۔ مسٹر مودی نے15اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے ڈیجیٹل ہندوستان بنانے کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے آج صحافیوں کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اس منصوبے کے تحت تمام وزارتوں کو ا پنے سبھی شعبوں کو انٹر نیٹ سے جوڑنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس منصوبے کے تحت ڈیجیٹل طریقہ سے مضبوط سماج بنانا ہے جس کے تحت ہر شہری کو ڈیجیٹل ڈھانچہ فراہم کیا جائے گا اور انتظامیہ کا کام کاج اور سرکاری خدمات انٹر نیٹ کے توسط سے فراہم کی جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ5سے7سال میں مرحلہ وار طریقہ سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے لئے نگرانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے چیئر مین خود وزیر اعظم ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ایک صلاح کار کمیٹی بھی بنائی جائے گی جس کے چیئرمین اطلاعات و ٹیکنالوجی کے وزیر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کابینہ سکریٹری کی صدارت میں ایک دیگر کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بھی ایک طرح کا انقلاب ہوگا جس میں ہندوستان کی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ مستقبل کے ہندوستان کی تعمیر کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے15اگست کو اپنی تقریر میں آئی ٹی پلس آئی ٹی یعنی آئی ٹی کی جو بات کہی تھی ، اس کا مطلب یہی تھا۔
مسٹر پرساد نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت قومی آپٹل فائبر کے ذریعے ملک کے50ہزار گاؤں کو اس سال کے آخر تک براڈ بینڈ سے جوڑ دیا جائے گا اور اس کے بعد ایک لاکھ گاؤں کو جوڑا جائے گا ۔ پھر اس کے بعد ایک لاکھ اور گاؤں کو اس سے جوڑا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک کے سبھی اسکولوں اور سبھی یونیورسٹیوں میں وائی فائی کی سہولت دستیاب کرائی جائے گی ۔ مسٹر پرساد نے کہا کہ ڈیجیٹل ہندوستان مودی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور اس سے علم پر مبنی معیشت بھی مضبوط ہوگی ۔ مرکزی کابینہ نے مہاراشٹر کے ناگپور میں میٹرو منصوبے کو آج منظوری دے دی اور وزیر اعظم نریندر مودی کل وہاں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس منصوبے پر تقریباً8680کروڑ روپے کی لاگت آنے کا امکان ہے جسے مرکزی اور مہاراشٹر کی حکومت آدھاآدھا برداشت کرے گی۔ حکومت نے پیاز کی نئی فصل اور اس کی تسلی بخش دستیابی کے پیش نظر اس کی کم از کم برآمداتی قیمت500ڈالر فی ٹن سے کم کرکے350ڈالر فی ٹن کردی ہے ۔

Modi Calls for Faster Development of Defense Technology

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں