اسرائیلی حملے میں حماس کے تین کمانڈر شہید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-22

اسرائیلی حملے میں حماس کے تین کمانڈر شہید

غزہ؍ یروشلم
پی ٹی آئی
حماس قیادت کو نشانہ بنا کر ہلاک کرنے کی مہم میں شدت پید اکرتے ہوئے اسرائیلی فضائیہ نے آج غزہ میں ایک مکان پر بمباری کرتے ہوئے تین سینئر عسکری کماندرس کو ہلاک کردیا ۔ جب کہ لڑائی کے45ویں دن 21دیگر فلسطینی بھی جابحق ہوئے ۔ یہ تین تیلڈ کمانڈرس محمد ابو شمالا ، محمد برہوم اور رائد العطار حماس کے آپریشنس میں کلیدی رول ادا کرتے تھے اور انہوں نے2006میں اسرائیلی سپاہی گیلاڈ شالیت کے اغوا میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان ہلاکتوں سے غزہ میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد2075ہوگئی ہے اور اسرائیل اور حماس کے درمیان چھ ہفتوں سے جاری لڑائی میں10ہزار310سے زیادہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ۔ عز الدین القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں ان تین نشانہ بننے والے کمانڈروں کے نام محمد ابو شمالہ ، رائد العطار اور محمد برہوم ہیں ۔ ہنگامی خدمات کے شعبے کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا 8فلسطینیوں کی شہادت اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں ہوئی ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بمباری سے چار منزلہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔ اس عمارت کو اسرائیلی طیاروں کے یکے بعد دیگرے کیے جانے والے حملوں میں ہدف بنایا گیا تھا۔ اس سے پہلے فسلطینی پولیس نے بتایا تھا کہ6افراد صبح کے وقت کئے گئے ایک حملے میں شہید ہوئے ہیں۔ پولیس نے بھی رفح کے علاقے میں چار منزلہ عمارت کے تباہ ہونے کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ بچاؤ کارکن موقع پر پہنچ کر زخمیوں کی مدد کررہے ہیں ۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی اسرائیل کی طرف سے کل کی رات کیے گئے20حملوں میں سے ایک تھی ۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ حملے راکٹ حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ دریں اثناء القسام بریگیڈ کے ترجمان نے تل ابیب کے لئے آنے والے غیر ملکی مسافر طیاروں سے متعلق کمپنیوں کو خبردار کیا تھا کہ ان کی آمد و رفت متاثر ہوسکتی ہے ۔ اس کے مقابلے میں اسرائیلی ہوا بازی کے ترجمان نے کہا کل صرف دس منٹ کے لئے طیاروں کی آمد و رفت متاثر ہوئی تھی اب بالکل حسب معمول ہے ۔ حماس کے تین کمانڈروں کا مارا جانا اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اسرائیل فلسطینی علاقے پر اپنے فضائی حملوں کا ہدف اسلامی گروپ کو بنارہا ہے ۔ اسرائیل کی فوج نے فوراً اس پر کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے لیکن اس کے ذریعہ چھ ہفتہ قبل شروع کئے گئے فضائی حملوں کے دوران حماس کے زیادہ تر سینئر لیڈر مارے جاچکے ہیں۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اس کے طیاروں نے غزہ میںآج20فضائی حملے کئے لیکن ان کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ منگل کو بھی اسرائیلی طیاروں نے حماس کے لیڈر محمد دیف کو اپنا نشانہ بنایا تھا جس میں وہ تو بچ گئے تھے لیکن ان کی اہلیہ اور بیٹی کی موت ہوگئی تھی۔ مصر کی ثالثی سے جنگ بندی کی کوششیں منگل کو ناکام ہوگئی تھیں اور اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی تھی ۔

Three Hamas commander killed in Israeli attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں