شاہ عبداللہ کا دہشت گردی مخالف مشترکہ موقف پر زور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-03

شاہ عبداللہ کا دہشت گردی مخالف مشترکہ موقف پر زور

ریاض
عرب نیوز
سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے مذہبی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام کو دہشت گردوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہونے سے بچانے کے لئے انصاف سے متعلق مشترکہ موقف اپنائیں ۔ انہوں نے غزہ پٹی میں جنگی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی ہے ۔ شاہ عبداللہ نے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ’’ اس وقت مسلم دنیا ایک تاریخی اور نازک دور سے گزر رہی ہے ۔ دہشت گرد یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی مضبوط ہوگئی ہے ،مگروہ مخمصے کا شکار ہیں اور شرمناک بات یہ ہے کہ وہ مذہب کے نام پر لوگوں کو قتل کررہے ہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ نے کسی کی ناحق جان لینے سے منع فرمایا ہے‘‘۔ خادم الحرمین الشریفین نے کہا کہ’’اسلام کا ان غدار دہشت گردوں کے افعال سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔‘‘ شاہ عبداللہ نے بیان میں اسرائیل کا براہ راست نام تو نہیں لیا ۔ لیکن اس کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’دہشت گردی کی بہت سی مشکلیں ہیں اور سب سے خطرناک ریاستی دہشت گردی ہے ۔‘‘ ان کا کہنا تھاکہ فلسطین میں ہمارے بھائیوں کا خون بہایاجارہا ہے ۔ گروپ اور ممالک دونوں ہی دہشت گردی کے مرتکب ہورہے ہیں اور یہ سب کچھ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سمیت عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے ہورہا ہے ۔ غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیاجارہا ہے ۔‘‘ سعودی فرمانروا نے بہت سے مسلم ممالک میں ہونے والی اتھل پتھل اور شورش پر عالمی برادری میں اختلافات پر تنقید کی اور کہا کہ اس خاموشی کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ ’’اس ماحول میں ایک ایسی نسل پروان چڑھے گی جو ڈائیلاگ میں نہیں بلکہ تہذیبوں کے تصادم میں یقین رکھتی ہوگی۔‘‘

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں