آئی اے این ایس
غزہ پٹی میں جاری جنگ کے فوری ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں اور مہلوکین کی تعداد1400سے زائد ہوچکی ہے جن میں بیشمار بچے بھی شامل ہیں ۔ اس صورتحال پر فکر مند ہندوستان اقوام متحدہ کے ایک فنڈ میں ایک ملین ڈالر کا عطیہ دینے کا منصوبہ رکھتا ہے تاکہ جنگ زدہ علاقوں سے فرار ہونے والے فلسطینیوں کی مدد کی جاسکے ۔ سرکاری ذرائع نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ایک ملین ڈالر کی یہ رقم غزہ کے فلسطینیوں کو دواؤں ، غذا کی فراہمی اور ان کے لئے شیلٹرس کی تعمیر میں استعمال کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کے عوام کے لئے ایک ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ یہ رقم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی رفیو جیز کو دی جائے گی جو اردن ، لبنان ، سیریا کے علاوہ مغربی کنارہ اور غزہ پٹی کے لاکھوں فلسطینی مہاجرین کو تعلیم ، طبی نگہداشت ، سماجی خدمات اور ہنگامی امداد فراہم کرتی ہے۔ ہندوستان ہر سال یو این آر ڈبلیو اے کے فنڈ میں ایک ملین ڈالر کا عطیہ دیتا ہے ۔ اس علاقہ میں جاری تشدد اور غزہ کے عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر جاریہ سال یہ امداد جلد روانہ کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ہندوستان نے24جولائی کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کانسل کی قرار داد کی تائید کی تھی جس کے تحت غزہ پر اسرائیل کے حملے کی تحقیقات کو منظوری دی گئی اور اسرائیل کی جانب سے طاقت کے غیر مناسب استعمال کی مڈمت بھی کی گئی۔ ہندوستان کی جانب سے اس قرار داد کی تائید پر اسرائیل میں برہمی کی لہر دیکھی گئی جس کے ساتھ ہندوستان کے اچھے تعلقات ہیں۔
ماہرین نے اس احساس کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے بہتر معاشی تعلقات بالخصوص دفاعی خریداریوں کے سلسلہ میں جو بہتر تعلقات ہیں انہیں مد نظر رکھتے ہوئے ہندوستان کو ووٹنگ سے غیر حاضر رہنا چاہئے تھا ۔ ایک اور سرکاری ذریعہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہندوستان ہمیشہ سے فلطین کی تائید میں ووٹ دیتا رہا ہے ۔ ہم گزشتہ کئی برسوں سے ایسا کررہے ہیں اور ہندوستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل کے خلاف ووٹ دینے کے باوجود اس ملک کے ساتھ ہمارے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ۔اور ہم اچھے تعلقات برقرار رکھیں گے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے فلسطین اور اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے کاز کی مکمل حمایت کرتے ہیں لیکن اسرائیل کے ساتھ بھی ہمارے اچھے تعلقات ہیں ۔ واضح رہے کہ ہندوستان ، برازیل، روس، چین ، اور جنوبی افریقہ نے فلسطین کی قرارداد کی تائید میں ووٹ دیا ہے جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی یروشلم میں بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنانے کی بات کہی گئی ہے ۔46رکنی انسانی حقوق کونسل کے رکن29ممالک نے اس قرارداد کی تائید میں ووٹ دیا جب کہ 17ممالک غیر حاضر رہے ۔ ہندوستان نے فوری جنگ بندی کی اپیلوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین تشدد میں زبردست اضافہ بالخصوص غزہ پر اسرائیل کے شدید فضائی حملوں ار زمینی فوج کی جانب سے طاقت کے بیجا استعمال پر تشویش کا شکار ہے جس کی وجہ سے شہری عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
India to provide Dollar 1 million for aid to Gaza victims
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں