ایبولا وائرس - مہلوکین کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-24

ایبولا وائرس - مہلوکین کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی

جنیوا
رائٹر
عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ایبولا وائرس کے نتیجہ میں مرنے والوں کی تعداد1400سے تجاوز کرگئی ہے ۔ اور بیماری کی لاعلاج نوعیت کی وجہ سے بعض مریض طبی امداد کے بغیر گھروں پر ہی مرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ جنیوا میں قائم ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کل ایک بیان میں بتایا کہ مغربی آفریقہ کے متاثرہ ملکوں میں ایبولا کے نتیجہ میں ہلاکتوں کی تعداد1427تک جاپہنچی ہے ۔ اس ادارہ نے کہا کہ اس خطہ میں ایبولا کے2615توثیق شدہ یا مشتبہ کیسس سامنے آچکے ہیں ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق رواں ہفتہ منگل اور چہار شنبہ کو لائبیریا ، گنی، سیرالیون ، اور نائیجیریا میں142کیسس اور77ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں ۔ خبر رساں ادارہ ڈی پی اے کے مطابق بہت سے لوگوں نے اپنے مریضوں کو گھروں میں رکھا جس کی وجہ سے ایبولا کی تباہی کھل کر سامنے نہ آسکی ۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ چونکہ ایبولا کاکوئی علاج نہیں ہے اس لئے اس وائرس سے متاثرہ بعض لوگ گھروں پر مرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ لائبیریا اور سیرالیون کو بالخصوص اس صورت حال کا سامنا ہے جہاں ایبولا متاثرین کے لئے کلنک کا ایک ٹیکہ بناہوا ہے اور معاشرہ انہیں ٹھکرا رہا ہے ۔ مغربی آفریقہ میں بعض لوگ بدستور ایبولا کے وجود سے انکار کرتے ہیں جب کہ بعض لوگوں کا ماننا ہے کہ مریضوں کو معاشرے سے علیحدہ رکھنے کے لئے بنائے گئے طبی مراکز اس وائرس کے پھیلاؤ کا ذریعہ ہیں ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایبولا سے متاثرہ ملکوں میں طبی عملہ ، سامان اور آلات کی کمی ہے ۔ ہاسپٹل بھرے پڑے ہیں جب کہ تشخیص کی سہولتیں بھی کم پڑ رہی ہیں۔ بہت سے طبی مراکز بند کردئیے گئے ہیں جن کا عملہ اس وائرس کا شکار بننے کے ڈر سے بھاگ گیا ہے ۔

Ebola death toll crosses 1,400

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں