ٹاملناڈو میں آئی ایس آئی ایس کے دو مشتبہ ہمدرد گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-06

ٹاملناڈو میں آئی ایس آئی ایس کے دو مشتبہ ہمدرد گرفتار

رامناتھ پورم(ٹاملناڈو)
یو این آئی
اس جنوبی ضلع کے تھونڈی علاقہ میں پولیس نے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جن پر اسلامک اسٹیٹ ان عراق اینڈ سیریا( آئی ایس آئی ایس) کے ہمدرد ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رمضان میں فیس بک پر26نوجوانوں کی ایک گروپ تصویر پوسٹ کی گئی تھی جس میں ان نوجوانوں کو تھونڈی کی مسجد کے روبر و آئی ایس آئی ایس کے نشان والی سیاہ ٹی شرٹس پہنے دیکھا جاسکتا تھا ۔ اس واقعہ کے سلسلے میں پولیس نے کپڑوں کے تاجر24سالہ بی عبدالرحمن سے پوچھ گچھ کی تھی جو اکثر و بیشتر بنکاک کا دورہ کرتا رہتا ہے ۔ اس نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے اپنے دوست25سالہ رلوان کے ذریعہ قادر پینائی میں واقع ایک گارمنٹ فیکٹری سے آئی ایس آئی ایس کے نشان کی حامل100ٹی شرٹس منگوائی تھیں اور انہیں تھونڈی کے نوجوانوں میں تقسیم کردیا تھا تاکہ اس دہشت گرد تنظیم سے اظہار تشکر کیا جاسکے۔ جس نے عراق سے ہندوستانی نرسوں کو رہا کیا تھا۔ پولیس نے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد عبدالرحمن کو چھوڑ دیا تھا لیکن انٹلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے یہ پتہ چلا ئے جانے کے بعد کہ ان دونوں کا اس کیس سے گہرا تعلق ہے دونوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ۔ شبہ ہے کہ یہ دونوں آئی ایس آئی ایس کے ہمدرد ہیں اور اس علاقہ کے نوجوانوں کی ذہن سازی کررہے ہیں ۔ ان دونوں کو عدالتی تحویل میں دیدیا گیا اور پولیس مزید تحقیقات کے لئے انہیں تحویل میں لینے عدالت سے رجوع ہوگی۔ واضح رہے کہ آئی ایس آئی ایس ابھرتی ہوئی دہشت گرد تنظیم ہے جو دنیا بھر میں اسلامی حکومت قائم کرنا چاہتی ہے اور ہندوستان کو بھی اس میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ اس تنظیم کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ نقشہ میں شمال مغربی ہندوستان بشمول گجرات اور اسلامک اسٹیٹ آف خراسان کا حصہ بتایا گیا ہے ۔

2 suspected sympathizers of ISIS held in South TN

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں