اسرائیل کے خلاف مغربی بنگال کے مسلمانوں کا زبردست مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-19

اسرائیل کے خلاف مغربی بنگال کے مسلمانوں کا زبردست مظاہرہ

کولکاتا
ایس این بی
عالم اسلام میں دہشت پھیلانے والی شیطانی قوت اسرائیل کے خلاف بنگال کے مسلمانوں نے سڑکوں پر اتر کر زبردست احتجاج کیا اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ ظالم اسرائیلی حکومت سے سفارتی تعلقات منقطع کرے اور مذمت کرتے ہوئے دباؤ ڈالے کہ فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام بند کرے۔ فلسطینی بچوں اور خواتین کے خون پر رقص و سرود کی محفل سجانے والے اسرائیلیوں کے ظلم کے خلاف حکومت ہند کی خاموشی پر کلکتہ، ہوڑہ، ہگلی ،بردوان اور مختلف جگہوں پر مسلمانوں نے مودی سرکار کی پارلیسی کی مذمت کی ۔ کئی جگہوں پر امریکی اور اسرائیلی حکمروں کے پتلے نذر آتش کئے گئے ۔
کولکاتا کے میٹرو چینل کے قریب جماعت اسلامی ہند، جمعیۃ علماء ہند، جمعیت اہلحدیث ، مدرسہ طلبہ یونین اور مٹیا برج اور مغربی بنگال مجلس علمائے اسلام، کمر ہٹی میں ائمہ اہلسنت والجماعت ، رضا اکیڈمی کولکاتا، ہوڑہ میں تحریک نہج الاسلام، تنظیم ابنائے اشرفیہ، ہگلی رشٹرا ، بروان کے کلٹی آسنسول وغیرہ میں بعد نماز جمعہ مسلمانوں نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں کی۔ دھرمتلہ میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن کے ہزاروں طلبہ نے اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ اسرائیلی بربریت مسلمانوں کی نسل کشی کے مترادف ہے ۔ جمعیت علماء ہند کے اراکین نے اس مظاہرے میں شرکت کرکے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ حکومت کی خاموشی مجرمانہ ہے اور اس کی وجہ سے ہند فلسطینی دوستی پر برا اثر پڑے گا ۔ حکومت ہند جلد از جلد فلسطینی عوام کی حمایت کرے اور اسرائیل کی مذمت کرے۔ مسلمانوں نے اجتماعی دعا کرتے ہوئے اللہ سے فلسطین کے تباہ حال مسلمانوں کے امن و امان اور ظالموں سے آزادی کی دعا کی ۔ رمضان المبارک جو پوری دنیا کے لئے خیر ورحمت کا مہینہ ہے اور اسلام نے اس مہینے میں انسانیت کو اخوت و محبت اور ہمدردی کا پیغام دیا ہے لیکن اسلام کے ماننے والوں پر ہی ظلم کا پہاڑ ٹوٹ رہا ہے اللہ اسلام اور مسلمانوں کی حفاظت فرمائے ۔
اسرائیلی جارحیت اور مظالم کے خلاف شیب پورٹرام ڈپوموڑ پر ہوڑہ کے مسلمانوں نے پر امن احتجاج کرتے ہوئے حکومت ہند سے اسرائیل کی مذمت اور فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کا مطالبہ کیا ۔ امریکی صدر اوبامہ اور اسرائیلی وزیر اعظم کا پتلا نذر آتش کیا گیا ۔ فلسطین کے غزہ میں مسلم خواتین، بچے اور عام شہریوں پر اسرائیلی بمباری اور جارحیت کے خلاف تحریک نہج الاسلام ، مجلس علمائے اسلام تنظیم ابنائے اشرفیہ کے بینر تلے ائمہ علماء اور مسلمانوں نے شیب پور میں بعد نماز جمعہ احتجاج کیا۔
مولانا معراج احمد دارالعلوم اشرفیہ مبارکپور نے مسلمانوں سے اس موقع پر کہا کہ دنیا کے تمام کلمہ گو ہمار ا بھائی ہے کہیں بھی ان پر ظلم ہو اس کے خلاف ہم ظالموں کے خلاف ہیں ۔ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر جو ظلم کررہا ہے وہ انسانیت کیلئے شرمناک ہے۔ مفتی سرفراز احمد مصباحی ، مولانا شہنشاہ عالم مصباحی، مولانا مسعود انور ، حافظ عبدالسلام ، حافظ مبارک حسین رضوی وغیرہ نے بھی فلسطینیوں کی حمایت میں زبردست نعرے لگائے ۔ شیب پور ، چوئیصاحب بگان، قاضی پاڑہ ، ملا پاڑہ، شیخ پاڑہ کے علاوہ چوڑہ بستی کے ہزاروں مسلمانوں نے اس احتجاج میں حصہ لیا ۔ مفتی سرفراز احمد مصباحی نے کہا کہ ائمہ ، مساجد اور مختلف ملی تنظیموں کی طرف سے حکومت ہند سے مطالبہ کیا جاتا ہے ۔ حکومت اپنی مجرمانہ خاموشی توڑورنہ مسلمانوں کو شک ہوگا کہ مودی سرکار اسرائیلی جارحیت میں شریک ہے۔ مودی حکومت فوراً اسرائیلی سفارتخانہ بند کرنا چاہئے اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے ۔ فلسطین اور ہندوستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا تقاضہ ہے کہ مودی سرکار اسرائیل کی مذمت کرے اورضرورت پڑے تو سفارتی تعلقات بھی منقطع کرلے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں