لکھنو میں ماہ رمضان کا روایتی انداز میں اہتمام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-03

لکھنو میں ماہ رمضان کا روایتی انداز میں اہتمام

لکھنو
یو این آئی
لکھنو کے پرانے شہر میں آج بھی قدیم روایات برقرار ہیں جہاں مقدس ماہ رمضان کے دوران دکانات رات بھر کھلی رکھی جاتی ہیں۔اکبری گیٹ ، درگاہ حضرت عباس، سعادت گنج، نخاس ، کشمیری محلہ، مولوی گنج اور وکٹوریہ اسٹریٹ کے بازاروں میں دن بھر عوام کا ہجوم ہوتا ہے ۔ سڑک کنارے لگی دکانوں پر روایتی مغلائی کھانے دن رات دستیاب رہتے ہیں۔ ماہ رمضان میں نوابوں کے شہر لکھنو کی خصوصی آرائش و زیبائش کی جاتی ہے ۔ ماہ صیام کے دوران مسلمان مذہبی امور کی سخت پابندی کرتے ہیں اور دنیاوی مسرتوں سے دور رہتے ہیں ۔ بنی نوع انسان کی خوشحالی کے لئے وہ دن رات عبادتوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اس ماہ کو تین عشروں میں تقسیم کیاجاتا ہے ۔ پہلا عشرہ رحمت ،دوسرا مغفرت ،اور تیسرے وآخری عشرہ کو نجات کا عشرہ کہاجاتا ہے ۔ ماہ رمضان کی فضیلت پر خطاب کرتے ہوئے مولان خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ یہ وقت غریبوں کی تکالیف دور کرنے اور انہیں غذا ، کپڑے اور روپیہ پیسہ فراہم کرنے کا وقت ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماہ رمضان اللہ کے سامنے سرنگوں ہونے کا وقت ہوتا ہے ۔ یہ مہینہ محبت ، امن اور ہم آہنگی کا بھی پیام دیتا ہے ۔ یہ غریبوں کے غم دور کرتے ہوئے انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنے اور صبر کا مہینہ ہے ۔ ایک قومی روزنامہ کے صحافی حیدر نقوی نے کہاکہ رمضان نہ صرف روزے رکھنے بلکہ تمام برائیوں سے بچنے کا بھی مہینہ ہے ۔

traditional style of Ramadan in Lucknow

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں