جامع مسجد پلٹن میں مجلس کا جلسہ یوم القرآن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-19

جامع مسجد پلٹن میں مجلس کا جلسہ یوم القرآن


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-july-19

اعتماد نیوز
بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ور کن پارلیمنٹ حیدرآباد نے کہا کہ غزہ بدر ہمیں یہ پیام دے رہا ہیکہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر جنگ نہیں جیتی جاتی، صرف اللہ کی نصرت اور مدد سے دشمن پر کامیابی حاصل ہوسکتی ہے ،جو اس وقت حاصل وہتی ہے جب ہم دین اسلام پر مکمل کاربند رہیں۔ فلسطین کے غزہ میں مسلم خواتین اور معصوم بچوں کی تڑپتی نعشوں کو دیکھ کر ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کیونکہ جب بھی مسلمان سخت آزمائشوں سے گزرے، اللہ نے انہیں سربلندی اور کامیابی عطا فرمائی ۔ مسلمانوں میں جب تک جذبہ جہاد و شہادت سلامت تھا ان کے سروں پر تاج برقرار تھا ، یہ جذبہ صرف قرآن و سنت کو تھام لینے سے حاصل ہوسکتا ہے ۔ اللہ کی ذات پر توکل اور اٹوٹ بھروسہ رکھنا اور حضور اکرم ﷺ سے سچی محبت کرنا، ایمان کامل کی دلیل ہوتی ہے ۔
بیرسٹر اسد الدین اویسی رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کے موقع پر آج بعد نماز جمعہ جامع مسجد صرفخاص پلٹن ملک پیٹ میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے جلسہ یوم القرآن سے خطا ب کررہے تھے ۔ جلسہ میں مجلسی ارکان مقننہ مسرس سید احمد پاشاہ قادری (معتمد عمومی مجلس) احمد بلعلہ ، جعفر حسین معراج، سید امین الحسن جعفری اور کارپوریٹرس کے علاوہ سامعین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ صدر مجلس نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کے دوران نفس پر کنٹرول کی جو تربیت ہمیں دی گئی اس جذبہ اور تربیت کو رمضان کے علاوہ سال تمام برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزوں اور تراویح کے دوران غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری اور ظلم و بربریت کے باوجود وہاں کے مسلمان پابندی کے ساتھ روہ رکھ رہے ہیں اور تراویح و عبادتوں میں مصروف ہیں ۔ ایمان پر استقامت کی یہ بہترین مثال ہے ۔اسرائیل کے ظلم و ستم کے باوجود مغربی دنیا انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والی تنظیموں کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر اس قدر ظلم و ستم کے باوجود ہندوستانی حکومت پارلیمنٹ میں اسرائیلیوں کے خلاف قرار داد کی منظوری تو دور کی بات ہے ان کے خلاف بولنے تیار نہیں ہے ۔ بی جے پی حکومت اسرائیلیوں کو اپنا دوست سمجھتی ہے ، یہ دوستی بی جے پی کو مبارک ہو لیکن یہ اسرائیلی کسی کے دوست نہیں ہوسکتے ۔
بیرسٹر اسد اویسی نے کہا کہ جسطرح سے لوہے کو زنگ لگجاتا ہے اسی طرح ہمارے دلوں کو زنگ لگ جاتا ہے اور دلوں کا زنگ صرف قرآن کی تلاوت اور موت کو یاد کرنے سے دور ہوتا ہے ۔ قرآن مجید ہمارے لئے زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی کے لئے کافی ہے ۔ پیدائش سے موت تک دنیا کی زندگی کے علاوہ آخرت میں بھی یہ کام آںے والی کتاب ہے ۔ صدر مجلس نے رمضان المبارک کے ایک ایک لمحہ کو غنیمت جان کر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے آپ ٹکراؤ کو ترک کرنے کا مشورہ دیا اور ملک پیٹ کے مرحوم سر گرم مجلسیکارکن مقبول کے لئے دعائے مغفرت کی ۔
جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی مجلس و رکن اسمبلی چار مینار اور جناب احمد بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ نے بھی خطاب کیا ۔ ابتداء میں مولانا حافظ قاری محمد عبدالجلیل خطیب جامعہ مسجد پلٹن ملک پیٹ کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ قاری مجاہد امین قادری نے نعت شریف پیش کی۔ جناب ایس اے حق نذیر کارپوریٹر ملک پیٹ نے کارروائی چلائی ۔ آخر میں صلوۃ و سلام پر جلسہ یوم القرآن کا اختتام عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مجلسی کارپوریٹرس مسرس سید منہاج الدین ، محمد مرتضی علی ،صمد بن عبدات کے علاوہ سید علیم الدین، محسن پیر، انس قادری کے علاوہ ابتدائی مجالس کے صدر و معتمد ین سرگرم کارکنان اور سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں