امریکہ اور برطانیہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث - ایران - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-19

امریکہ اور برطانیہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث - ایران

تہران
یو این آئی
ایران کے سپریم لیڈر اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر صہیونی ریاست کی بار بار فوج کشی میں امریکہ اور برطانیہ بھی براہ راست ملوث ہیں، اور فلسطین میں نہتے اور معصوم شہریوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ہر اس ملک سے لیاجانا چاہئے جو اسرائیل کی اندھا دھند مدد اور حمایت کررہے ہیں ۔ خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر آٹھ جولائی سے جاری صہیونی فوج کے مسلسل حملوں میں تقریباً250شہری شہید اور1800زخمی ہوچکے ہیں ۔ شہداء میں اکثریت خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے ۔ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام میں امریکہ اور برطانیہ صہیونی ریاست کی حمایت کررہے ہیں ۔ معصوم فلسطینیوں پر امریکی اور مغربی اسلحہ استعمال ہورہا ہے ۔ خامنہ ای کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سپریم لیڈر نے پاکستان، ہندوستان، تاجکستان اور یران کے شعراء کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں غزہ کی پٹی پر وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کی ۔ ادھر ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صدر حسن روحانی نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی کا معاشی محاصرہ ختم کرانے اور صہیونی فوجی جارحیت رکوانے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں ۔ ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل عالمی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ صہیونی ریاست کو سبق سکھانے اور فلسطینیوں پر مظالم بند کرانے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں