اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر مظاہرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-19

اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر مظاہرے

نئی دہلی،کولکاتا ، علی گڑھ، سہارنپور،دیوبند
ایس این بی
غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں سیکڑوں معصوم فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔ اسرائیلی حملے میں ہنوز کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ آج صبح بھی اسرائیل نے اپنی شیطنت کا مظاہرہ کیا۔ اب تک اسرائیلی حملے میں ڈھائی سو سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں ۔ جن میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ اسرائیل کی اس شرمناک جنگی کارروائی کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ پارلیمنٹ میں بھی اسرائیل کے تعلق سے بحث کرانے کا مطالبہ چل رہا ہے ۔ آج اسرائیل کے حملے کے رد عمل میں دہلی کے معروف جنتر منتر پر اسرائیلی صہیونیت کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے اور اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔ ادھر کولکاتا میں بھی غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف ایک عظیم الشان جلوس کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرین اسرائیل کی صہیونیت اور بربریت کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔
ادھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اسرائیلی حملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر بربریت کے خلاف مسلم یونیورسٹی طلباء اوراساتذہ کے ساتھ شہریوں کا ایک احتجاجی جلوس مسلم یونیورسٹی کی جامع مسجد سے باب سر سید تک پہنچا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے ۔ صدر جمہوریہ کے نام میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں ۔ واضح ہو کہ اسرائیل نےOperation Protective Edgeکے نام سے غزہ پر جو حملہ کیا ہے اس میں ڈھائی سو سے بھی زائد لوگوں کی جانیں جا چکی ہیں۔علاوہ لاکھوں کے املاک اور مکانات تباہ ہوئے ہیں ۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دیوبند ، سہارنپور میں بھی احتجاج کیا گیا ہے۔ وہاں کے طلباء اور شہریوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف حکومت سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ دیوبند میں محلہ المعالی گدی واڑہ چوک پر نوجوانوں نے اسرائیل کا پرچم نذر آتش کیا ۔ مظاہرین میں دانش خان ، صہیب عثمانی، زبیر چودھری ،شہباز جمیل احمد وغیرہ شامل تھے ۔
سہارنپور میں بعد نماز جمعہ جامع مسجد کلاں کے باہر زبردست مظاہرہ کیا گیا ، مسلم نوجونوں نے جلوس نکالے اور اسرائیل کے حکمرانوں کی تصویروں کو جلایا اور پرچم کو بھی جوتوں سے روندا ۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف سہارنپور کے مسلمانوں نے ڈی ایم کو میمورنڈم پیش کیا ۔ تادم تحریر ملک کے کئی شہروں میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج و مظاہروں کاسلسلہ جاری ہے ۔ ادھر کشمیر میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطین کی صورتحال کو لے کر کل ہوئی ہڑتال کے بعد آج علیحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی نے نماز جمعہ کے بعدپر امن احتجاج کی کال دی ہوئی تھی ۔ ذرائع کے بعد نماز کے فوراً بعد وادی کے دیگر علاقوں کی طرح کولگام میں بھی نمازیوں نے ایک جلوس نکالا جس میں سلطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے جارہے تھے۔ ان ذرائع کے مطابق جلوس کا حجم جونہی بڑھنے لگا قصبے میں پہلے سے تعینات فورسز نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش میں پہلے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور پھر فائرنگ کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک احتجاجی جن کی شناخت عامر احمد کے بطور ہوئی ہے ، وہ سینے میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں اور انہیں نازک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں