سعودی عرب کی قید سے رہا ہو کر 40 ہندوستانی وطن واپس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-19

سعودی عرب کی قید سے رہا ہو کر 40 ہندوستانی وطن واپس

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستان کی سفارتی کوششوں کے سبب سعودی عربیہ کی جیل میں گزشتہ ایک برس سے زیادہ عرصہ سے قید 39ہندوستان کام کرنے والے رہا ہوکر آج وطن لوٹ آئے۔ یہ لوگ آج دو پروازوں سے ساڑھے دس بجے اور ساڑھے بارہ بجے اندرا گاندھی ایر پورٹ پر پہنچے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق وزیر شاہ نواز حسین اور جنتا دل یونائیٹیڈ کے ممبر پارلیمنٹ علی انور انصاری نے ان کامگاروں کو ایئر پورٹ پر ریسیو کیا ۔ مسٹر انصاری نے ان کامگاروں کے سعودی عرب کی جیلوں میں بند ہونے کا معاملہ11فروری2013کو راجیہ سبھا میں اٹھایا تھا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج کی15دنوں کی کوششوں کے بعد ان غیر مقیم کامگاروں کی رہائی ممکن ہوئی ہے ۔ ان کو کل نہ صرف رہا کردیا گیا بلکہ ان کے خلاف مقدمے بھی بندکردئیے گئے ۔
بہار اور راجستھان کے رہنے والے یہ مزدور نیسما اینڈ پارٹنرس کمپنی کے مکہ میں جاری پروجیکٹ میں کام کررہے تھے۔ انہیں کمپنی کی شکایت پر12جون2013کو حراست میں لیا گیا تھا اور عدالت نے دو مہینے کی قید کی سزا سنائی تھی لیکن سزا مکمل ہونے کے بعد بھی وہ جیل سے نہیں رہا ہو پائے تھے اور ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد بھی قید میں تھے ۔ ان قیدیوں کی رہائی کے لئے مسٹر علی انور کافی کوشاں تھے اور انہوں نے اس سلسلے میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ محترمہ سشما سوراج سے ملاقات کی تھی ۔ ریاض میں مقیم ہندوستانی سفیر حامد علی راؤ کو یہ ہدایت دی تھی کہ ان ہندوستانی شہریوں کی رہائی کو جلد یقینی بنایا جائے۔ اس وقت5986ہندوستانی مختلف ممالک کی جیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں ۔ ان میں سب سے زیادہ 1400سعودی عرب کی جیلوں میں بند ہیں ۔
وزیر مملکت برائے خارجہ جنرل وی کے سنگھ(ریٹائرڈ) نے کل راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جیلوں میں بند قیدیوں کی تعداد468ہے۔ جنرل سنگھ کاکہنا تھا کہ 71ہندوستانی شہریوں نے اپنی سزا مکمل کرلی ہے اور وہ امیگریشن کے ضابطے مکمل ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ مسٹر وی کے سنگھ نے بتایا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جیلوں میں219غیر فوجی قیدی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ ہندوستانی ہیں لیکن پاکستانی افسروں کی جانب سے کمیشن کو دی گئی اطلاع کے مطابق یکم جولائی2014کی صورتحال کے مطابق پاکستانی جیلوں میں47غیر فوجی ہندوستانی بند ہیں ۔ ان کے علاوہ249ہندوستانی ماہی گیر بھی پاک جیلوں میں بند ہونے کی اطلاعات ہیں۔

40 Indians released from Saudi Arabian prison

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں