اکبرالدین اویسی کا اورنگ آباد میں والہانہ استقبال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-23

اکبرالدین اویسی کا اورنگ آباد میں والہانہ استقبال

اورنگ آباد
اعتماد نیوز
قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کی یہاں آمد کو روکنے پولیس نے کوشش کی تاہم قائد مجلس نے کمشنر پولیس اورنگ آباد کی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ وہ افطار میں شرکت کیلئے آئے ہیں یہی ان کے دورہ کا مقصد ہے ۔ حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے مجلسی قائدین کے دوروں کو روکنے کی ان کوششوں کے دوران حیدرآباد سے جب جناب اکبرالدین اویسی اورنگ آباد پہنچے تب ان کا عوام نے والہانہ استقبال کیا ۔ جناب اکبر الدین اویسی نے حیدرآباد سے اورنگ آباد آتے ہوئے ناندیڑ میں سحری کی اور وہاں سے روانہ ہوئے۔ مجلسی قائد کے ساتھ حیدرآباد سے معتمد مجلس ور کن اسمبلی جناب سید احمد پاشاہ قادری ، شہر حیدرآباد کے کئی کارپوریٹرس اور مجلس کے قائدین کی کثیر تعداد بھی یہاں پہونچی۔ جناب اکبر الدین اویسی جو صوبہ داری گیسٹ ہاؤز میں مقیم ہیں سے ملاقات کیلئے مرہٹواڑہ کے مختلف علاقوں سے عوام کی کثیر تعداد پہنچی ۔ ان میں کئی کانگریسی و دیگر جماعتوں کے قائدین بھی شامل تھے ۔ دن بھر مختلف عوامی وفود کے ساتھ مجلسی قائد نے تبادلہ خیال کیا ۔ جناب اکبر الدین اویسی سے ملاقات کرنے گیسٹ ہاؤز پر عوام کاہجوم امڈ پڑا ۔ مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کے دوران اس بات کا احساس کیا گیا کہ مقننہ اداروں میں مسلمانوں کی گھٹتی ہوئی تعداد تشویشناک ہے جب تک مسلمانوں کی سیاسی شراکت داری میں ان کا حصہ نہیں مل پاتا تب تک یہ طبقہ محرومی کا شکار بنا رہے گا ۔ ایسے وقت جب کہ مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابات بالکل قریب ہیں۔ مہاراشٹرا کے مسلمان جمہوریت میں اپنے جائز حصہ کے لئے مجلس کی قیادت کے تلے جدوجہد کرنے تیار ہیں۔
جناب اکبر الدین نے متصل ٹاؤن خلدآباد پہنچ کر مختلف آستانوں پر حاضری دی ۔ انہوں نے شہنشاہ ہند حضرت اورنگ زیب عالمگیرؒ کے مزرارپر بھی حاضری دی ۔ خلدآباد میں جناب اکبر الدین اویسی کی آمد کی اطلاع پاکر سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے امڈپڑے ۔ مجلسی قائد نے اورنگ آباد کے سنٹرل ناکہ علاقہ واقع وی آئی پی فنکشن ہال میں منعقدہ افطار میں شرکت کی ۔ قبل ازیں اورنگ آباد آمد پر کمشنر پولیس اورنگ آباد کی جانب سے صوبہ داری گیسٹ ہاؤز پر جناب اکبر الدین اویسی کو ایک نوٹس دی گئی جس میں یہ کہا گیا کہ جناب اکبر الدین اویسی اورنگ آباد میں داخل ہوچکے ہیں‘ یہاں نفرت پھیلانے والی تقریرکرنے والے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا کہ یہاں تقریر کی اجازت نہیں ہوگی ۔ جناب اکبر الدین اویسی نے پولیس کے اس طرز عمل پر خفگی کااظہار کیا اور کہا کہ وہ افطار کی دعوت میں شرکت کیلئے آئے ہیں ۔ انہوں نے اورنگ آباد پولیس انتظامیہ سے استفسار کیا کہ آیا تقریر کی اجازت طلب کی گئی تھی؟ جب تقریر کی اجازت طلب نہیں کی گئی تو یہ اخذ کرلینا کہ وہ تقریر کریں گے ، وہ بھی منافرت انگیز تقریر کریں گے یہ ایک طرح ان کے شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔
مجلس قائد نے جب اپنے موقف کو کمشنر اورنگ آباد پولیس پر واضح کردیا اورکہا کہ وہ یہاں جس مقصد کے لئے آئے ہیں وہ پر امن طریقہ سے اس کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جناب اکبر الدین اویسی کے مدلل جواب کے بعد پولیس کے عہدیدار گیسٹ ہاؤز سے روانہ ہوگئے ۔ مجلسی قائد نے ان سے ملاقات کے لئے آئے عوامی وفود سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا ۔جناب اکبر الدین اویسی نے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق23جولائی کو ممبئی پہنچیں گے ، حیدرآباد میں تھانے پولیس کمشنر کی جانب سے تھانے کمشنر حدود میں ان کے داخلے پرعائد پابندی کوملحوظ رکھتے ہوئے مجلسی قائد متبدلہ روٹ سے ممبئی پہونچیں گے ، اس کیلئے ممبئی انتظامیہ کی جانب سے ان کے دورہ سے متعلق تاحال کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں