جموں و کشمیر میں بحالی امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا عہد - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-05

جموں و کشمیر میں بحالی امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا عہد - مودی

وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب
کٹرا(جموں و کشمیر)
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جموں وکشمیر کا دورہ کیا، جو وزارت عظمیٰ پر ان کے فائز ہونے کے بعدپہلا دورہ جموں و کشمیر ہے ۔ انہوں نے آج کٹرا، اودھم پور ریل رابطہ(ٹرین سروس) کا افتتاح کیا اور عہد کیا کہ وہ اس گڑ بڑ زدہ ریاست میں امن کی بحالی کے اٹل بہاری واجپائی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے ۔ ماتا وشنو دیوی مندر کے دامن میں واقع کٹراسے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’جموں کو کشمیر بڑے آزمائشی دور سے گزررہا ہے ۔ یہ ہر ہندوستانی کی خواہش ہے کہ اس ریاست کی ترقی اور نواجون کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ خواہ ہم اس ریاست میں اقتدارپر رہیں یا نہ رہیں ۔ یہ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اس کام کی تکمیل کریں ۔ میں جموں و کشمیر کے عوام کو یہ پیام دینا چاہتاہوں کہ اٹل بہاری واجپائی نے اس ریاست میں جو سفر شروع کیا تھا ۔ وہ اپنے منطقی انجام کو پہنچایا جائے گا‘‘۔ مودی کا اشارہ واجپائی کے دورہ وادی کشمیر(2003)کی طرف تھا۔ اس وقت واجپائی وزیر اعظم تھے اور انہوں نے پاکستان کی جانب ’’دوستی کا ہاتھ ‘‘بڑھایا تھا ۔ وہ ان دنوں علیل ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جو قبل ازیں ذریعہ طیارہ جموں پہنچے کہا کہ25کلومیٹر طویل کٹرا، اودھم پور ریل رابطہ کا افتتاح ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب امرناتھ یاترا مقدس ماہ رمضان جاری ہے ۔ ’’ یہ ریل رابطہ نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام کے نام بلکہ ملک کے عوام کے نام معنون ہے ۔جو ماتا کے مندر پر حاضری دینے کے لئے لاکھوں کی تعداد میں یہاں آئے ہیں۔‘‘ مودی نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت وادی کشمیر اور علاقہ جموں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں برتے گی ۔جب کسی مقام کی ترقی ہوتی ہے تو دوسرے مقامات کے لوگ یہ محسوس کرتے ہوئے ہیں کہ انہیں نظر انداز کردیا گیا ہے جیسا کہ جموں کے عوام کے اندیشوں کے بارے میں چیف منسٹر(عمر عبداللہ) نے کہا ہے۔ میں جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کے مفادات کا تحفظ کیاجائے گا ۔ میں نہیں سمجھتا کہ کوئی شخص کٹرا کو تو آئے گا اور شہر جموں کا دورہ نہیں کرے گا ۔ انفراسٹر کچر کی تعییر ایک اہم کام ہے ۔ جب کبھی ایک مقام پر ترقیاتی کام ہوتا ہے تو اس کے فوائد تمام مقامات تک پہنچتے ہیں ۔
مودی نے کہا کہ عوام الناس،کٹرا سے اودھم پور ذریعہ ٹرین ایک ٹکٹ پر سفر کرسکیں گے اور پھر وہاں سے بنی ہال ٹاؤن کیلئے بس میں سوار ہوسکیں گے جو براہ پیر پنجل پہاڑی رینج ، ذریعہ ٹرین وادی کشمیر سے مربوط ہے ۔ (بنی ہال ٹاؤن اودھم پور سے140کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ اودھم پور ذریعہ ریل جموں سے بھی مربوط ہے) وزیر اعظم نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ہندوستان کے مختلف مقامات سے کٹرا کے لئے6ٹرینیں چلائی جائیں گی ۔ میں آج اس ریاست میں دو اہم تقاریب کا افتتاح کررہا ہوں ۔ ایک تو کٹرا ریل رابطہ ہے اور دوسری تقریب وادی کشمیر میں ایک پاور پراجکٹ کی ہے۔ میں یہ بات مانتا ہوں کہ ملک میں اس ہمالیائی ریاست کے مخصوص مسائل ہیں اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ کٹرا ریلوے اسٹیشن ، دوستانہ فضا کے حامل ریلوے اسٹیشن کی ایک نمایاں مثال ہے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے کٹرا اور مابقی ہند کے درمیان ریل رابطہ کے خواب کو ایک حقیقت بنانے پر وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس پراجکٹ میں گہری دلچسپی لینے پر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ بھی شکریہ کے حقدار ہیں ۔ چیف منسٹر نے مطالبہ کیا کہ جموں ریلوے اسٹیشن کو بہتر بنایا جائے اور اس کو وشنودیوی ریلوے اسٹیشن پر دستیاب سہولتوں کے ہم پلہ کیا جائے ۔ مودی نے آج ماتا وشنو دیوی ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کیا اور ریلویز کی فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں واقفیت حاصل کی ۔ ابتدائی تقریب میں گورنر جموں و کشمیر این این ووہرا ، وزیر ریلوے سدانند گوڑا اور منسٹر آف اسٹیٹ جتیندر سنگھ بھی موجود تھے ۔ (جتیند ر سنگھ لوک سبھا میں حلقہ اودھم پور کی نمائندگی کرتے ہیں) بعد میں نریندر مودی نے سرحدی ٹاؤن آری میں240میگا واٹ کے ہائیڈرو پاور پراجکٹ کا افتتاح کیا۔

Will follow Vajpayee's dream for J&K: Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں