نکسلائٹس کی جانب سے بچوں کا استعمال - سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی تشویش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-03

نکسلائٹس کی جانب سے بچوں کا استعمال - سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی تشویش

اقوام متحدہ
پی ٹی آئی
اقوام متحدہ نے آج ہندوستان میں ماوسٹوں کی جانب سے بچوں کا قتل انہیں اذیت پہنچانا ، اپنے کیڈر میں ان کی بھرتی اور انہیں بطور ڈھال استعمال اور ان کے زیر اثر علاقوں میں خواتین پر جنسی تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ۔ بچوں اور مسلح تنازعات پر اقوام متحدہ سکریٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کل پیش کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال20143ء میں نکسلائٹس کیڈر میں6سال سے بھی کم عمر کے بچوں کو بھرتی اور ان سے کام لیاجاتا رہا ہے ۔ بچوں کی کتنی تعداد کو اس مقصد کے لئے استعمال کیاجارہا ہے اس کا اقوام متحدہ کے ہاں کوئی اعداد و شمار نہیں ہے تاہم ایک آزادانہ تجزیہ کے مطابق ماوسٹوں سے متاثرہ علاقوں میں کم از کم2,500بچے مسلح تحریک سے منسلک ہیں ۔رپورٹ میں ہندوستان کی وزارت داخلہ کے حوالہ سے کہا گیا کہ6تا12سال کی عمر کے لڑکے ،لڑکیوں کی ماوسٹوں کی جانب سے بچوں کے لئے مخصوص یونٹس ، بال دستہ ، میں بھرتی کی جارہی ہے ۔ یہ سرگرمیاں ریاست بہار ، اڈیشہ ، جھار کھنڈ ، چھتیس گڑھ میں جاری ہیں ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ان بچوں کا لڑائی کے دوران بطور انسانی ڈھال استعمال کیاجارہا ہے ۔ اقوام متحدہ نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بچوں کو اغوا کے دوران قتل کیاجارہا ہے یا انہیں اذیتیں پہنچائی جارہی ہیں ۔ مختلف متاثرہ خواتین کے بیانات کا نوٹ لیتے ہوئے تشویش کا اظہارکیا گیا کہ ماوسٹوں کے کیڈر میں خواتین کی بھرتی کے بعد نکسلائٹس گروپس میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد کیاجارہا ہے ۔

UN: Naxals Using Children As Human Shields a Worry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں