تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کا جلد اجرا ہوگا - کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کا جلد اجرا ہوگا - کے سی آر

حیدرآباد
پی ٹی آئی/ یو این آئی
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ ان کی حکومت بہت جلد ایک نئی صنعتی پالیسی جاری کرے گی اور ایک سنگل ونڈو نظام بھی متعارف کرے گی تاکہ صنعتوں اور فیکٹریوں کے قیام کے سلسلہ میں عاجلانہ منظوریوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ہم بہت جلد ایک نئی صنعتی پالیسی متعارف کرانے والے ہیں ۔ ایک سنگل ونڈو کلیئرنگ سسٹم بھی ہوگا جس کے ذریعہ صنعتی منظوریاں آسان بنادی جائیں گی تاکہ صنعتی سرمایہ کاریوں کو راغب کیاجاسکے ۔ چیف منسٹر کے دفتر میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیاجائے گا جو اس پالیسی پر عمل آوری کی نگرانی کرے گا۔نیویارک کی رئیل اسٹیٹ کمپنی ٹش میان اسپیئرس کے ویوراک پراجکٹ کے مرحلہ 2.1کا افتتاح اور مرحلہ2.2کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے صنعتکاروں کو تیقن دیا کہ آپ کو مختلف منظوریوں کے لئے مختلف محکموں کے چکر کاٹنے نہیں پڑیں گے ۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ سرکاری محکموں میں صفر کرپشن کا ماحول فراہم ہو۔
یہ بیان کرتے ہوئے کہ حیدرآباد کو ایک ڈیجیٹل سٹی میں تبدیل کردیاجائے گاجہاں تمام عصری سہولتیں دستیاب ہوں گی ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ شہر میں مقیم تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے گا اور امن کی برقراری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے مزید کہا کہ ریاست میں انفارمیشن ٹکنالوجی صنعتوں کے قیام اور انکی ترقی و فروغ کے لئے حکومت تمام تر تعاون فراہم کرے گی ۔ ریاست میں سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ ان سے اپنے دفتر میں کسی بھی وقت آکر ملاقات کرسکتے ہیں ۔ اسی دوران ریاستی حکومت تلنگانہ کے لئے ایک نئی صنعتی پالیسی مرتب کرنے کے مرحلہ میں ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب کے چندر شیکھرراؤ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ خود ریاست میں سرمایہ کاری کی تجاویز کو شخصی طور پر منظوری دیں گے اور درخواست داخل کرنے کے اندرون2تا3ہفتے سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ تمام منظوریاں عمل میں لائی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ جو کوئی سرمایہ کار حیدرآباد پہنچے گا اس کا سرکاری عہدیدار ، سرمایہ کار کو سیدھے میرے پاس لے آئیں گے اور سرمایہ کار اپنی تجاویز پیش کرنے کے بعد اپنے کام پر واپس لوٹ سکتا ہے ۔2تا3ہفتہ کے بعد ہم اسے تمام منظوریاں جاری کریں گے ۔ اور وہ پنا نیا کام شروع کرسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو منظوریوں کے لئے بار بار حیدرآباد کے چکر کاٹنے نہیں پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد برانڈ حیدرآباد کو برانڈ تلنگانہ میں تبدیل کرنا ہے تاکہ دنیا بھر میں تلنگانہ کی مسلمہ شناخت بنائی جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے ایک بین الاقوامی کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حکومت نے اس سلسلہ میں پہلے ہی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ لااینڈ آرڈر کے میکانزم کو مستحکم بنانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ ریاست اور مرکز میں مستحکم حکومتوں اور فیصلہ کن قیادت کی موجودگی کے نتیجہ میں جس کا گزشتہ5برسوں سے فقدان تھا، حیدرآباد اور انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ کے لئے کئی امکانات روشن ہوچکے ہیں۔

Telangana to bring out new industrial policy: KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں