نواز شریف ہند پاک تعلقات کو معمول پر لانے کے پابند - پاکستان ہائی کمشنر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-28

نواز شریف ہند پاک تعلقات کو معمول پر لانے کے پابند - پاکستان ہائی کمشنر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پاکستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے ساتھ عنقریب ہونے والی معتمد خارجہ سطح کی بات چیت کے نتیجہ میں دونوں ممالک اپنے وزرائے اعظم کی جانب سے نشاندہی کئے گئے تمام شعبوں میں پیشرفت کریں گے ۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کل شام قومی دارالحکومت کی جامع مسجد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کا مقدس مہینہ تمام مسلمانوں کے لئے ایک خصوصی موقع ہے کیونکہ یہ انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنے احتساب اور اصلاح کا عظیم موقع فراہم کرتا ہے ۔ شاہی امام سید احمد بخاری نے پاکستانی ہائی کمشنر کو جامع مسجد میں افطار کے لئے مدعو کیا تھا ۔ عبدالباسط نے ہند۔ پاک تعلقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف باہمی احترام اور باہمی دلچسپی کی اساس پر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے پابند عہد ہیں۔ انہوں نے اس امید کااظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے معتمدین خارجہ کی25اگست کو ملاقات کے ساتھ ان تمام شعبوں میں پیشرفت ہوگی جن کی دونوں وزرائے اعظم نے27مئی2014کو اپنی ملاقات میں نشاندہی کی تھی ۔ قبل ازیں امام بخاری نے ہائی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہند پاک تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کی ۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک بیان میں کہا گیا کہ پہلی مرتبہ ہائی کمشنر کو جامع مسجد میں دعوت افطار کے لئے مدعو کیا گیا اور انہوں نے وہاں ایک اجتماع سے بھی خطاب کیا ۔ عبدالباسط نے چند دن قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حافظ سعید کے خلاف کاروائی نہیں کی جاسکتی کیونکہ کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے ۔ وہ جماعت الدعوۃ سربراہ کی ہندوستانی صحافی ویدک پرتاپ سے ملاقات پر تبصرہ کررہے تھے۔ ویدک پرتاپ نے ممبئی دھماکوں کے سلسلہ میں ہندوستان کو مطلوب حافظ سعید سے پاکستان میں ملاقات کی جس پر ملک میں کافی ہنگامہ ہوا تھا۔

Sharif committed to normalization of ties: Pak envoy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں