جنگ بندی کے باوجود حماس اور اسرائیل میں لڑائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-28

جنگ بندی کے باوجود حماس اور اسرائیل میں لڑائی

غزہ/یروشلم
پی ٹی آئی
عیدالفطر سے قبل حماس نے آج اقوام متحدہ کی کوششوں کے بعد انسانی بنیادوں پر24گھنٹے سیز فائر سے اتفاق کیا لیکن جنگ بندی کے باوجود لڑائی کے20ویں دن اسرائیل کے ساتھ اس کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ اس تصادم میں اب تک1060سے زائد فلسطینی اور ایک ہندوستانی نژاد سپاہی کے بشمول46اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں ۔ ابتداء میں جنگ بندی کو مسترد کرنے کے بعد حماس کے ترجمان سمیع ابو زہری نے ایک بیان میں کہا کہ ماہ رمضان کے اختتام کی تیاریاں اور اقوام متحدہ کی مصالحت کے جواب میں اور ہمارے لوگوں کے حالات کے پیش نظر ہم نے تمام فلسطینی گروپوں کے ساتھ انسانی بنیادوں پر 24گھنٹے کی جنگ بندی سے اتفاق کیا ہے جو اتوار کو دن کے دو بجے شروع ہوئی ۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ حماس کے جنگجوؤں نے آج دوپہر راکٹ فائر کئے اور اسرائیل پر عدم سنجیدگی الزام لگایا ۔ القسام بریگیڈ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہانہوں نے تریات گارڈ پر پانچ راکٹ حملے کئے ۔ اسرائیل کی فوج نے ٹویٹر پر کہا کہ اس نے چار راکٹ روکے اور ایک راکٹ کھلے میدان میں گرا۔ ایک اور راکٹ ایک گھر پر آگرا جس سے ایک اسرائیلی شہری زخمی ہوا ۔ اسرائیل نیکہا کہ اس نے کارروائی شروع کی ہے کیوں کہ اس پر حملہ کیا گیا ہے ۔
قبل ازیں اسرائیل نے ہفتہ کی رات جنگ بندی میں مزید24گھنٹے کی توسیع کا اعلان کیا تھا ۔ جسے حماس نے غزہ سے دبابو ں اور فوج کی واپسی تک ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا ۔ حماس کے اس اعلان کے بعد اسرائیلی فوج نے آج غزہ پٹی میں اپنی جنگی مہم پھر سے شروع کردی جس میں فضائی بحری اور بری تینوں افواج حملیکررہے ہیں۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے دوران حماس کے مسلسل راکٹ حملوں کے پیش نظر فوج نے اپنے فضائی، بحری اور بری حملے پھر سے شروع کردیے ہیں۔ حماس نے بھی کہا ہے کہ اسرائیل نے کل کی جنگ بندی کو مزید حملوں کی تیاری کے لئے استعمال کیا اور معاہدہ کی خلاف ورزی بھی کی۔ غزہ کے مشرقی حصہ میں آج صبح ہی سے زبردست بمباری کی آوازیں سنی گئیں ۔ اس کے جواب میں حماس نے بھی کئی راکٹ برسائے جن میں سے کم از کم5راکٹ اسرائیل میں گرے ، ان میں سے2کو آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کے ذریعہ ناکارہ بنادیا گیا ۔ اس میں کسی کے زخمی ہونے کی فوری طور پر اطلاع نہیں ہے ۔ فوج نے بتایا کہ کل رات مارٹر حملہ میں ایک اسرائیلی سپاہی ہلاک ہوگیا ۔ اسرائیلی وزراء نے اشارہ دیا ہے کہ20دن جاری جنگ کے خاتمہ کے لئے کوئی جامع معاہدہ طے پانے کے امکانات کم ہیں ۔ جنگ میں تا حال1,060فلسطینی شہید ہوگئے جن میں بیشتر عام شہری ہیں جب کہ لڑائی میں43اسرائیلی سپاہی ہلاک ہوئے اور راکٹ حملوں میں اسرائیل میں3یہودی ہلاک ہوگئے ۔ مہلوک اسرائیلی فوجیوں میں کئی سینئر عہدیدار شامل ہیں ۔ اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر انجینئر کورکا ایک فوجی جو خود بھی فوج میں انجینئر ہے فلسطینی مزاحمت کاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ۔ ریڈیو رپورٹ میں اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ ریڈیو رپورٹ کے مطابق ایک دوسرا فوجی شمالی غزہ میں مزاحمت کاروں کے راکٹ حملے میں مارا گیا۔

Gaza war rages on: Israel, Hamas launch new attacks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں