اوباما بدترین امریکی صدور میں سر فہرست - سروے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-04

اوباما بدترین امریکی صدور میں سر فہرست - سروے

واشنگٹن
یو این آئی
امریکہ میں کئے گئے ایک نئے سروے کے مطابق امریکیوں کے خیال میں صدر بارک اوباما دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اب تک صدر رہنے والی شخصیات میں سب سے بدتر ہیں ۔ امریکہ کی کوئنی پیاک یونیورسٹی کی جانب سے کئے گئے عامہ کے ایک جائزہ میں1400امریکی رجسٹرڈ رائے دہندگان سے1945ء سے اب تک امریکہ کی صدر رہنے والی12 شخصیات کی درجہ بندی کرنے کو کہا گیا تھا۔ سروے کے نتائج کے مطابق33فیصد رائے دہندگان نے اوباما کو فہرست میں سب سے نیچے رکھا جب کہ28فیصد نے ان کے پیشرو جارج ڈبلیو بش کو بدترین صدر قرار دیا ۔1980ء کی دہائی میں صدر رہ چکے رونالڈ ریگن 35فیصد افراد کے نزدیک دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اب تک امریکہ کہ بہترین صدر رہے ہیں ۔ سروے میں رائے دینے18فیصد افراد نے بل کلنٹن کو بہترین صدر قرار دیا جو1990ء کی دہائی کے مقبول صدر تھے ۔ کوئنی پیاک یونیورسٹی کے پولنگ یونٹ کے نائب سربراہ ٹیم میلوئے کے مطابق دوسری عالمی جنگ کو69 برس گزر چکے ہیں اور جب سے اب تک12شخصیات امریکہ کے صدر کے عہدہ پر فائز رہ چکی ہیں جن میں امریکی باشندے موجود صدر اوباما اور ان کے پیشرو جارج ڈبلیو بش کو بدترین قرار دیتے ہیں ۔ حالیہ عرصہ کے دوران سامنے آئے عوامی رائے عامہ کی کئی دیگر جائزوں میں بھی اوباما کی امریکی عوام میں عدم مقبولیت کا اظہار ہوتا ہے ۔ بارک اوباما 2012ء کے صدارتی انتخاب میں اپنے ری پبلکن حریف مٹ رومنی کو بآسانی شکست دے کر دوسری مدت کے لئے صدر منتخب ہوئے تھے لیکن انتخاب کے بعد سے صدر کو داخلی و خارجی محاذ پر کئی مسائل اور مشکلات کاسامنا کرنا پڑا جس کے باعث اندورن ملک ان کے مخالفین انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ کوئنی پیاک یونیورسٹی کے سروے کے مطابق45فیصد امریکی رائے دہندوں کا خیال ہے کہ اگر2012ء میں اوباما کی جگہ مٹ رومنی صدر منتخب ہوجاتے تو آج امریکہ کی صورتحال بہتر ہوتی ۔ سروے میں رائے دہندوں نے اوباما کی معاشی اور خارجہ پالیسی، صحت عامہ پرموقف اور انسداد دہشت گردی پر ان کی حکومت کی کارکردگی کو منفی درجہ دیا اور صرف ماحولیاتی مسائل کے بارے میں ان کے موقف کی ستائش کی۔

Obama worst president since WWII, new poll shows

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں