فرد جرم کے بغیر ناندیڑ کے مسلم نوجوانوں کو 14 مہینے جیل میں رکھنے کا انکشاف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-28

فرد جرم کے بغیر ناندیڑ کے مسلم نوجوانوں کو 14 مہینے جیل میں رکھنے کا انکشاف

ممبئی
یو این آئی
مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع کے مختلف علاقوں سے دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار ملزمین کے خلاف قومی تفتیشی ایجنسی نے14مہینے گزر جانے کے باوجود فرد جرم عائد نہیں کیا ہے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید میں رہنے پر مجبور کیاجارہا ہے نیز ملزمین کو ناکردہ گناہوں کی سزا جرم ثابت ہونے سے پہلے ہی دی جارہی ہے۔ یہ الزام آج یہاں ان ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیت العلماء مہاراشٹرا(ارشد مدنی) قانونی امدا د کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے قومی تفتیشی ایجنسی پر لگایا۔ گلزار اعظمی کے مطابق ریاستی انسداد دہشت گرددستہ( اے ٹی ایس) نے ان ملزمین کو30اگست2008کو ناندیڑ ضلع کے مختلف مقامات سے گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضہ سے چار ریوالور سمیت دیگر ہتھیار ضبط کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ اگر قومی تفتیشی ایجنسی مقدمہ کی اگلی سماعت کے موقع پر30اگست کو خصوصی عدالت میں چارج شیٹ داخل نہیں کرے گی تو ملزمین کی ضمانت کے لئے کوشش کی جائے گی اور فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد این آئی اے پر دباؤ بنایا جائے گا ۔
اعظمی نے مزید کہا کہ اے ٹی ایس سے ملزمین کی تحویل حاصل کئے ہوئے این آئی اے کو تقریباً14ماہ ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود بھی این آئی اے نے ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل نہیں کی ہے ، اس درمیان این آئی اے کے عہدیداروں نے ملزمین سے تلوجہ جیل میں پوچھ تاچھ کی تھی لیکن اس کے باوجود فرد جرم داخل کرنے کے تعلق سے اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ گلزار اعظمی نے کہاکہ جمعیۃ العلماء کے وکلاء ایڈوکیٹ شریف شیخ ، ایڈوکیٹ انصار تنبولی، ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری، ایڈوکیٹ چراغ شاہ اور ایکڈوکیٹ ابھیشک پانڈے مقدمہ کی ہر سماعت پر بلا ناغہ خصوصی این آئی اے عدالت میں حاضر ہوتے ہیں اور ملزمین کے دفاع میں عدالت میں اپنی بات رکھتے ہیں ۔ گلزار اعظمی نے آخر میں کہا کہ اس معاملے میں جمعیۃ العلماء مہاراشٹرا ملزم محمد عرفان محمد غوث کو چھوڑ کر تمام ملزمین کو قانونی امداد فراہم کررہی ہے ۔

Nanded Muslim youths, 14 months in prison

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں