اسرائیلی جارحیت کے خلاف کشمیر میں احتجاج جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

اسرائیلی جارحیت کے خلاف کشمیر میں احتجاج جاری

سری نگر
آئی اے این ایس
سری نگر میں آج بھی مخالف اسرائیل احتجاج کا سلسلہ جاری رہا جہاں کئی نوجوانوں نے موافق اسلام اور مخالف اسرائیل نعرے لگاتے ہوئے مصروف ترین بازاروں میں مارچ کیا۔ حکام نے15روزہ گرمائی تعطیلات کے پیش نظر وادی کشمیر میں اسکولوں اور کالجوں کے لئے تعطیلات کا اعلان کیا ہے ۔ اسکے باوجود نوجوانوں نے شہر کے کئی علاقوں میں جلوس نکالے ۔ یہ جلوس شہر کے وسطی علاقے لال چوک ،ریزیڈنسی روڈ اور چند دیگر علاقوں سے گزرے جہاں پولیس اور نیم فوجی سی آر پی ایف نے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے تھے ۔ نوجوانوں کا جلوس بڑی حد تک پر امن رہا اور پولیس نے انہیں نہیں روکاکیونکہ بازار اور دیگر تجارتی ادارے معمول کے مطابق کام کررہے تھے ۔ پولیس نے کل سری نگر میں طلباء وکلاء اور سرکاری ملازمین کے بعض گروپس کے ایک بڑے جلوس سے نمٹنے میں کافی صبر سے کام لیاتھا ۔ علیحدگی پسند قائد سید علی شاہ گیلانی، اعتدال پسند میر واعظ عمر فاروق اور موافق آزادی جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر نشین محمد یسین ملک نے غزہ پر اسرائیل کی بمباری کی مذمت کی جس میں بے قصور بچے اور خواتین ہلاک ہوئے ہیں۔ یو این آئی کے بموجب یہ مسئلہ مزکری حکومت کے ساتھ اٹھانے میں ناکام رہنے پر مظاہرین نے ریاستی حکومت کو بھی نشانہ تنقید بنایا۔ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی( پی ڈی پی) نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کے خلاف پارٹی ہیڈ کوارٹر سے ایک جلوس بھی نکالا تاہم جب وہ لال چوک کی طرف بڑھ رہے تھے تو پولیس نے انہیں لیگل چوک پر روک دیا ۔ احتجاجی مظاہرین نے مخالف اسرائیل نعرے لگاتے ہوئے صہیونی ملک کا پرچم بھی نذر آتش کیا۔ وادی کے دیگر علاقوں سے بھی ایسے ہی مخالف اسرائیلی مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں۔

BJP, NC hold anti-Israel protest in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں