ماحولیات کا تحفظ ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری - پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

ماحولیات کا تحفظ ملک کے ہر شہری کی ذمہ داری - پرنب مکرجی

نئی دہلی
یو این آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر آب و ہوا میں تبدیلی کے لئے ماحولیات کے تئیں لوگوں کی عدم دلچسپی کو سب سے زیادہ ذمہ دار قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ملک کے ماحولیات ، قدرتی وسائل ، وراثت اور ثقافتی اثاثوں کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری ہر شہری کی ہے۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے راشٹر پتی بھون میں منعقدہ گاندھی امن ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب کے دوران کہا کہ قدرتی وسائل کی بربادی اور اس کے اندھا دھند استعمال کا ہی نتیجہ ہے کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیاں نظر آرہی ہیں ۔ انہوں نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحولیات ، قدرتی وسائل اور ثقافتی اثاثوں کی حفاظت کی ذمہ داری اپنے کندھوں پرلیں تاکہ آئندہ نسل کا مستقبل خوشحال ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کے لوگوں کو بھی اپنی اس ذمہ داری کے بارے میں غور کرنا ہوگا۔
معروف گاندھی نواز اور ماہر ماحولیات چنڈی پرساد بھٹ کو 2013کا گاندھی امن ایوارڈ سے نوازنے کے بعداپنے خطاب میں انہوں نیکہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے تئیں بھٹ کی کارکردگی ناقابل فراموش ہے ۔ پرنب مکھرجی نے راشٹر پتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں بھٹ کو ایک کروڑ روپے نقد ، ایک تختی اور سپاسنامہ تفویض کیا۔ مہاتماگاندھی کی125ویں سالگرہ پر1995میں یہ ایوارڈ شروع کیا گیا تھا۔
تقریب میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، وزیر مملکت برائے سیاحت و ثقافت یشوشریپد نائک، وزارت ثقافت کے سیکریٹری رویندر سنگھ ، ڈاکٹر کرن سنگھ ، مغربی بنگال کے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی کے علاوہ مختلف ممالک کے سفارتکار بھی موجود تھے ۔
واضح رہے کہ سابقہ حکومت نے ہی بھٹ کو یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا ۔ سال1934میں پیدا ہونے والے بھٹ مشہور چپکو موومنٹ کے سرکردہ لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ انہیں1982میں می کسی سے ایوارڈ اور2005میں پدم بھوشن کے اعزاز بھی نوازا جاچکا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں