چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے خوشگوار حل پر زور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے خوشگوار حل پر زور

فورٹالیزا (برازیل) / نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صدر چین زائی جن پنگ کے ساتھ برازیل میں اپنی ملاقات کے دوران چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے خوشگوار حل پر زور دیا اور ہندوستان کے انفراسٹرکچر شعبہ میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ کی خواہش ظاہر کی ۔ چین نے مودی کو نومبر میں منعقد شدنی ایشیاء پیسفک اکنامک کوآپریشن( اے پی ای سی)میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہند چین دونوں نے سرحدی تنازعہ کا حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر اعظم نے باہمی اعتماد اور بھروسہ کو مستحکم بنانے اور سرحد پر امن و امان قائم رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ مودی نے زائی جن پنگ سے کہا کہ اگر ہندوستان اور چین سرحدی مسئلہ کو خوشگوار انداز میں حل کرتے ہیں تویہ تنازعات کے پر امن حل کے سلسلہ میں ساری دنیا کے لئے ایک مثال ہوگی ۔ نریندر مودی چھٹی برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے برازیل میں ہیں جہاں ان کی صدر چین زائی جن پنگ کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی ۔ یہ ملاقات40منٹ کے لئے طے تھی لیکن80منٹ تک جاری رہی ۔ برکس ، ترقی پذٰیر ممالک برازیل، روس ، ہند، چین ، اور جنوبی افریقہ کا گروپ ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر اس خطہ کی آواز کو مضبوط بنانے کے لئے یہ گروپ تشکیل دیا گیا ہے ۔ قبل ازیں مودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ صدر چین کے ساتھ ان کی ملاقات ثمر آور رہی ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ چینی صدر زائی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کافی ثمر آور رہی اور ہم نے وسیع تر مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ مودی نے کیلاش مان سروریاترا کے لئے ایک اور راستے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ اس علاقہ سے گزرنے والوں کی دشواریوں میں کمی ہو ۔، انہوں نے کہا کہ زائی جن پنگ نے اس تجویز پر غور کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ چینی صدر نے وزیر اعظم کو اپنے اے پی ای سی میٹنگ کے لئے منعقد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن(ایس سی او) کے ساتھ اپنے تعلقات مستحکم بنانا چاہئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کو فی الحال ایس سی او میں مبصر کا درجہ حاصل ہے ۔ اگر کہا جائے تو وہ اضافی ذمہ داری قبول کرنے تیار ہیں۔ مودی نے ہندوستان کے انفراسٹر کچر شعبہ میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ پر زور دیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی عدم توازن دور کیاجائے گا۔زائی جن پنگ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پائیدار تجارتی تعلقات کے لئے تجارتی توازن ضروری ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مسئلہ کے حل کا ایک طریقہ ہندوستان سے چین کو خدمات کی برآمد میں اضافہ کے ذریعہ ہوسکتا ہے۔دونوں قائدین نے کہا کہ ہندوستان اور چین باہمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے بے شمار مواقع رکھتے ہیں اور ایشیائی خطہ اور دنیا کی خوشحالی کا ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔ زائی جنگ پنگ نے باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جب ہندوستان اور چین کی ملاقات ہوتی ہے تو ساری دنیا اس کا مشاہدہ کرتی ہے ۔ مودی نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ زائی جن پنگ کا جاریہ سال پہلے سے طے شدہ دورہ ہند دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی شراکت داری پر قائم کرنے ایک نیا اور پرعزم ایجنڈہ فراہم کرے گا۔
پی ٹی آئی کے بموجب چین نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی مرتبہ ہندوستان کو اے پی ای سی چوٹی کانفرنس کے لئے مدعو کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر چین زائی جن پنگ نے دونوں عظیم ایشیائی ممالک کے بین الاقوامی فورم میں متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ برازیل کے شہر فور ٹالیزا میں برکس چوٹی کانفرنس سے قبل دونوں قائدین کی ملاقات کے دوران زائی جن پنگ نے حیرت انگیز طور پر مودی کو اے پی سی چوٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ زائی نے کہا کہ چین بانی رکن کی حیثیت سے ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک میں شرکت کے لئے ہندوستان کا خیر مقدم کرے گا ۔ چین نے گزشتہ سال اکتوبر میں اس بینک کے قیام کی تجویز پیش کی تھی تاکہ ایشیاء اور چین میں پراجکٹس کے لئے فنڈ فراہم کئے جاسکیں ۔ چین نے کہا ہے کہ وہ اس بینک کا سب سے بڑا حصص دار ہوگا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں