داعش کا مصر پر قبضہ کا منصوبہ - السیسی کو خوف دامن گیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-08

داعش کا مصر پر قبضہ کا منصوبہ - السیسی کو خوف دامن گیر

قاہرہ
رائٹر
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے عراق کے خود مختار علاقہ کردستان میں آزادی کے لئے مجوزہ ریفرینڈم کی مخالفت کردی ہے اور کہا ہے کہ اس سے خطہ تباہی سے دوچار ہوجائے گا اور اس ملک کی تقسیم کی راہ ہموار ہوجائے گی ۔ عبدالفتاح السیسی نے اتوار کو مصر کے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرد جس ریفرینڈم کا مطالبہ کررہے ہیں ، یہ درحقیقت عراق کی چھوٹی متحارب ریاستوں میں تباہ کن تقسیم کا آغاز ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکہ اور یوروپ کو عراق میں سرکاری فوج کے خلاف بر سر پیکار القاعدہ کی ہم نوا نظریاتی تنظیم دولت اسلامی عراق و شام(داعش) کی اسلامی ریاست کے قیام کے ارادوں کے حوالے سے بھی خبر دار کیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ داعش مصر پر قبضے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ صدر السیسی نے کہا کہ انہوں نے امریکہ اور یوروپ سے کہا تھا کہ وہ داعش کو کسی قسم کی امداد مہیا نہ کریں ۔ اور انہیں بتایا تھا کہ اس کے جنگجو عراق کو نشانہ بنانے کے لئے شام سے نکل آئیں گے اور اس کے بعد وہ اردن اور پھر سعودی عرب میں در اندازی کریں گے ۔ عراق کے50لاکھ کرد جو1990کی دہائی سے نسبتاً سکون سے رہ رہے تھے لیکن جب داعش کے جہادیوں نے مغربی اور شمالی عراق کے بڑے علاقہ پر قبضہ کیا تو انہوں نے حالیہ ہفتوں میں اپنے علاقہ میں40فیصد کا اضافہ کرلیا۔ عراق کے خود مختار علاقہ کردستان کی علاقائی حکومت کے صدر مسعود برزانی نے جمعرات کو پارلیمان سے ریفرینڈم کی تاریخ مقرر کرنے کے لئے کہاتھا ۔ اس ریفرنڈم میں کرد عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ وہ عراق کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا آزاد ملک کی حیثیت سے اس سے الگ ہوناچاہتے ہیں ۔ مسعود بارزانی نے علاقائی پارلیمان سے آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کے لئے بھی کہا ہے جو کردستان کے علاقہ میں ریفرنڈم منعقد کرائے گا ۔ امریکہ نے کردستان میں ریفرنڈم کی مخالفت کردی ہے جبکہ اہم علاقائی ملک ترکی بھی کردوں کی آزادی کے لئے استصواب رائے کے حق میں نہیں ہے کیونکہ اس سے خود اس کے جنوب مشرقی علاقہ میں اکثریت میں آباد کرد علاحدگی کا مطالبہ کرسکتے ہیں ۔ وہ پہلے ہی گزشتہ تین عشروں سے ترکی سے خود مختاری کے لئے مسلح تحریک چلا رہے تھے لیکن دو سال پہلے وزیر اعظم رجب طیب اردگان کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کے بعد سے یہ تحریک ٹھنڈی پڑ چکی ہے ۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم اردگان کی حکومت نے کردستان ورکرز پارٹی کے جیل میں قید رہنما عبداللہ اوجلان کے ساتھ2012ء میں خفیہ مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔

"ISIS had a plan to take over Egypt," Sissi said

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں