حیدرآبادی افسانوی انجینئر علی نواز جنگ - یوم پیدائش سرکاری طور پر منانے کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-11

حیدرآبادی افسانوی انجینئر علی نواز جنگ - یوم پیدائش سرکاری طور پر منانے کا اعلان

Ali-Nawaz-Jung
حیدرآباد
اعتماد نیوز
حکومت تلنگانہ نے سابق ریاست حیدرآباد کے افسانوی انجینئر نواب علی نواز جنگ کی یوم پیدائش کو جو11جولائی کو قرار پاتی ہے ۔’’تلنگانہ انجینئرس ڈے‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس خصوص میں چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کی دستخط سے آج ایک حکمنامہ جی او آر ٹی نمبر18جاری کیا گیا ۔ اس حکمنامہ کے ذریعہ حکومت نے تمام محکمہ جات ، ضلع کلکٹرس کو اس بات کی ہداتی دی ہے کہ وہ سرکاری طور پر تلنگانہ انجینئرس ڈے کا اہتمام کریں اور نواب علی نواز جنگ جو ایک افسانوی انجینئر رہے ہیں کے کارناموں کو نمایاں کریں ۔ ان تقاریب کے لئے متعلقہ محکموں سے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے ۔ تلنگانہ انجینئرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی نمائندگی پر حکومت نے یہ حکمنامہ جاری کیا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نشین ٹی وینکٹیشم نے کہا کہ نواب علی نواز جنگ نے سابق ریاست حیدرآباد کے لئے جو کارنامہ انجام دئیے ہیں اس کی مثال ممکن نہیں ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نائب صدر نشین و سینئر انجینئر جی ایس دیشپانڈے نے بتایا کہ انجینئرس ڈے کے موقع پر11جولائی کو11بجے دن چیف انجینئرس آفس جلاسدھا ایرم منزل پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس تقریب میں نواب علی نواز جنگ مرحوم کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ اس افسانوی انجینئر کے کارناموں پر مشتمل ایک کتاب کی رسم اجرا عمل میں آئے گی ۔
اس دن دو بجے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے آئی سی سی ایس آر ہال لائبریری بلڈنگ عثمانیہ یورنیورسٹی میں نواب علی نواز جنگ کی یاد میں ایک تقریب منعقد ہوگی جس میں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمودعلی ، صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ور کن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی ، وزیر آبپاشی و امور مقننہ حکومت تلنگانہ ٹی ہریش راؤ اور کئی دوسرے قائدین شرکت کریں گے ۔ علی نواز جنگ نے سابق ریاست حیدرآباد کے لئے کئی بنیادی انفراسٹرکچر جن میں آبپاشی پراجکٹس ، عمارتیں و دیگر تنصیبات شامل ہیں، کو قائم کیا تھا ۔ حمایت ساگر ، عثمان ساگر، اسمبلی کی موجودہ عمارت جو بلی ہال آرٹس کالج عثمانیہ یونیورسٹی کی عمارت، دہلی کا حیدرآباد ہاؤز، نظام ساگر ، علی ساگر ، پوچم پاڈا اور کئی بڑے آبپاشی پراجکٹس اور کئی پرشکوہ عمارتوں کو علی نواز جنگ نے تعمیر کروایا ۔ اسی لئے انہیں افسانوی انجینئر کہاجاتا ہے جنہوں نے ایک محدود مدت کے دوران ایسے کارنامے انجام دئیے جو صدیوں میں ممکن نہیں ۔

Hyderabadi legendary engineer Ali Nawaz jung birthday celebration officially announced

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں