ویدک کی حافظ سعید سے ملاقات پر رپورٹ طلب - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-16

ویدک کی حافظ سعید سے ملاقات پر رپورٹ طلب - سشما سوراج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان کے مشہور صحافی وید پرتاپ ویدک کی پاکستان کی شدت پسند تنظیم کے سرغنہ حافظ سعید سے ملاقات پر ہر گوشہ سے تنقیدوں کا سامنا کرنے والی حکومت نے آج کہا کہ اس نے اس مسئلہ پر اسلام آباد میں ہندوستان کے ہائی کمیشن سے رپورٹ طلب کی ہے کہ کیا وہ اس ملاقات سے واقف تھا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ حکومت ہند اس ملاقات کو یکسر نامنظور کرتی ہے اور ممبئی حملوں کے ذمہ دار تنظیموں کے سربراہ سے وید پرتاپ ویدک کی ملاقات کی مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اس ملاقات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور نہ ہی کوئی چھپایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت نے پاکستان میں ہائی کمیشن سے رپورٹ طلب کی ہے اور اس رپورٹ کو ایوان میں پیش کیاجائے گا۔
اس معاملہ پر آج پارلیمنٹ کی ایوان بالا میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ ہنگامہ کی وجہ سے وقفہ سوالات کی کارروائی15منٹ کے لئے ملتوی کرنی پڑی ۔ پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس پر کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پو کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ۔ وہ ارکان کے اس مطالبہ کا جواب دے رہے تھے جس میں اس مسئلہ پر حکومت سے بیان دینے کے لئے کہا گیا تھا ۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک غیر اہم مسئلہ کو اہمیت دینے کی کوشش کررہی ہیں۔ ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید سے ایک صحافی کی ملاقات پر پارلیمنٹ میں آج دوسرے دن بھی ہنگامہ جاری رہا ۔ اپوزیشن نے حکومت سے اس مسئلہ پر جواب دینے کا مطالبہ کیا جس کا دعویٰ تھا کہ اس ملاقات کا سفارتی مشن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس سلسلہ میں کسی خانگی شخص کی مدد لی گئی ہے ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں دونوں ایوانوں کا اجلاس شروع ہونے کے فوری بعد کانگریس نے وقفہ سوالات معطل کرنے اور اس مسئلہ پر حکومت سے جواب دینے کا مطالبہ کیا ۔
وقفہ صفر کے دوران بھی دونوں ایوانوں میں شوروغل دیکھا گیا جہان کانگریس اور دیگر اپوزیشن ارکان نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں داخل ہوگئے ۔، لوک سبھا میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ حکومت کا صحافی کی انتہائی مطلوب دہشت گرد کے ساتھ ملاقات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ الزام کہ حکومت نے صحافی کو حافظ سعید سے ملاقات کے لئے بھیجا تھا ، جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ سشما سوراج نے کہا کہ میں بہت ذمہ داری اور واضح طورپر کہہ رہی ہوں کہ حکومت اس معاملہ سے کوئی تعلق نہیں رکھتی ہے اور نہ ہی اس وقت جب وہ(وید پرتاپ ویدک) پاکستان جارہے تھے یا اس وقت جب وہ وہاں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خانگی دورہ تھا اور ملاقات بھی شخصی تھی ۔ یہ الزامات کہ وہ وہاں کسی کے سفیر بن گئے تھے اور انہوں نے کسی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے یہ ملاقات کی تھی، حکومت سے کوئی تعلق نہیں رکھتے ہیں ۔ یہ الزامات بے بنیاد ، جھوٹے اور افسوسناک ہیں۔ راجیہ سبھا میں وزیر فینانس اور قائد ایوان ارون جیٹلی نے کہا کہ یہ ایک انفرادی ملاقات کی جس کا ہندوستان سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اور نہ ہی حکومت ان کے (ویدک) کے خیالات سے اتفاق کرتی ہے ۔ ان کے اس بیان کے بعد ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی ۔ جیٹلی نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی ایک ایسی جماعت ہے جس کا گزشتہ66برسوں سے جموں و کشمیر پر موقف مضبوط ہے ۔ شوروغل اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی کو ملتوی کردیا گیا۔

Govt slams Vaidik's meeting with Hafiz Saeed, seeks report

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں