پشاور میں دلیپ کمار کا آبائی مکان قومی تہذیبی ورثہ قرار دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-13

پشاور میں دلیپ کمار کا آبائی مکان قومی تہذیبی ورثہ قرار دیا گیا

dilip-kumar-house-peshawar

کراچی
یو این آئی
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے پشار میں ہندوستانی فلمی صنعت(بالی ووڈ) کے افسانوی اداکار شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے آبائی مکان کو قومی تہذبی ورثہ قرار دیا ہے اور اس طرح اپنے ایک دیرینہ وعدہ کی تکمیل کی ہے ۔ نواز شریف نے وزارت اطلاعات و نشریات اور قومی تہذبی ورثہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ پشاور کے مشہور قصہ خوانی بازار میں واقع مذکورہ مکان کو حاصل کرلیا جائے اور اس کو آرٹس کے ایک قومی میوزیم میں تبدیل کردیاجائے ۔ یہ مکان150.25مربع گز رقبہ پر محیط ہے اور خستہ حالت میں ہے ۔ بحالت موجودہ اس پر غیر قانونی قبضہ ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اس مکان کو حاصل کرنے کی تجویز کل منظور کی ۔ لاہور سے شائع ہونے والے ایک روز نامہ’دی نیشن‘ نے خبر دی ہے کہ ڈائرکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس( پی این سی اے)سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ مکان کے حصول کی کارروائی جلد مکمل کرلیں ۔، امکان ہے کہ میوزیم کے افتتاح کی تقریب میں دلیپ کمار اور ان کے ارکان خاندان کو مدعو کیاجائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت پاکستان ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تہذیبی تعلقات کو فروغ سے گہری دلچسپی رکھتی ہے ۔ گزشتہ مئی میں وزیر اعظم پاکستان نے اپنے دورہ دہلی کے موقع پر ہندوستانی فلمی صنعت کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔ پی این سی اے کے عہدیداروں نے بتایا کہ اپنے آپ کو دلیپ کمار کا رشتہ دار بتانے والا ایک شخص مذکورہ مکان پر غیر قانونی طور پر قابض ہے لیکن دلیپ کمار سے اس کی رشتہ داری نہیں ہے ۔ کار گزار ڈائرکٹر جنرل پی این سی اے مسعود مرزا نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق ہم دلیپ کمار کی شخصیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس مکان کی دبارہ تعمیر کریں گے ۔ دنیا بھر میں دلیپ کمار کے شیدائی موجود ہیں ۔ مسعود مرزا نے بتایا کہ گزشتہ حکومتوں نے دلیپ کمار کے مکان کو نظر انداز کردیا تھا۔

Pakistan Declares Dilip Kumar's Ancestral Home as National Heritage

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں