مدھیہ پردیش میں ڈگ وجئے سنگھ کی بھوک ہڑتال شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-08

مدھیہ پردیش میں ڈگ وجئے سنگھ کی بھوک ہڑتال شروع

گنا(مدھیہ پردیش)
پی ٹی آئی
کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج فصلوں کے نقصان پر کسانوں کو معاوضہ کی عدم ادائیگی اور ایم پی پی ای بی اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کے مطالبہ پر احتجاج کے لئے یہاں کلکٹر کے دفتر کے روبرو7روزہ بھوک ہڑتال شروع کی ۔ انہوں نے بھوک ہڑتال شروع کرنے سے پہلے ایک وفد کے ساتھ ضلع کلکٹر سندیپ یادو سے ملاقات کی تاکہ یہ پتہ چلا یاجاسکے کہ20جون کو اس ضمن میں روانہ کئے گئے ان کے مکتوب پر کیا کارروائی کی گئی ہے ۔ یہ مکتوب گنا کے کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق تھا ۔بعد ازاں انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت اور انتظامیہ دونوں بے حس ہیں ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کلکٹر کی جانب سے یہ بتائے جانے کے بعد بھوک ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا کہ20جون سے اب تک ضلع میں کسی بھی کسان کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔ بعد ازاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرشیوراج سنگھ چوہان انہیں بھیجے گئے کسی مکتوب کا جواب نہیں دیتے ۔ اسی طرح ضلع انتظامیہ بھی اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کرتا کہ اسے کیا لکھاجارہا ہے ۔ کانگریس قائدنے یہ بھی کہا کہ وہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بارے میں اپنے وکلاء سے مشاورت کررہے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے مکتوب کو جو مدھیہ پردیش پروفیشنل اگزامنیشن بورڈ اسکام کے سلسلہ میں روانہ کیا گیا ہے ، درخواست تصور نہ کیاجائے ۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ ایک ڈیویژن بنچ نے آج انہیں ہدایت دی کہ وہ اس کیس میں مناسب درخواست داخل کریں اور سیاسی جنگ میں عدالتوں کو شامل نہ کریں ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے بھوک ہڑتال شروع کرنے سے پہلے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو ، مہاتما گاندھی اور بی آر امبیڈ کر کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔ رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ وہ کسانوں کے مفاد میں اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایم پی پی ای بی اسکام میں ہائی کورٹ انصاف کرے گا۔

Digvijaya Singh to hold 7-day hunger strike in MP over compensation to farmers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں