قیمتوں میں اضافہ کے لئے دہلی میں کانگریس کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-08

قیمتوں میں اضافہ کے لئے دہلی میں کانگریس کا احتجاج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس قائدین نے آج قیمتوں اور ریلوے کرایہ میں اضافہ پر بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف احتجاج کے لئے پارلیمنٹ ہاؤز کا گھیرا ؤ کرنے کی کوشش کی لیکن بجٹ اجلاس کے آغاز کے لئے علاقہ میں کئے گئے بھاری سیکوریٹی انتظامات کی وجہ سے انہیں ایسا کرنے سے باز رکھا گیا ۔ کانگریس قائدین اورکارکنوں نے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ارون سنگھ لولی کی زیر قیادت پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے قریب سنسد مارگ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے ۔ کئی سینئر قائدین جگدیش ٹائٹلر ، سجن کمار، ہارون یوسف، شرمستھا مکرجی ، مکیش شرما اور دیگر سابق ارکان اسمبلی احتجاج منظم کرنے والوں میں شامل تھے ۔ پولیس جس نے سنسد مارگ پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے تھے، رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو پارلیمنٹ ہاؤز کی سمت جانے سے باز رکھا ۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے لولی نے کہا کہ جب سے بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے، دہلی کے شہریوں کو ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا سامنا ہے ۔
انتخابات کے قبل بی جے پی نے30فیصد برقی سستے داموں میں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، اب ڈسکامس برقی شرح میں اضافہ کی کوشش کررہا ہے ۔ عوام دھوکہ دہی محسوس کررہے ہیں ، کانگریس عوام کی بھلائی کے لئے لڑائی جاری رکھے گی ۔ مودی کی زیر قیادت حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے دہلی پرویش کانگریس کمیٹی کے ترجمان مکیش شرما نے کہا کہ ضروری اشیاء کی قیمت پر قابو پانے کے لئے کچھ نہیں کیاجارہا ہے ، اس حکومت کی صرف45یوم کی میعاد کے دوران ہر چیز مہنگی ہورہی ہے ۔ بی جے پی کا نعرہ کہ اچھے دن آنے والے ہیں ، صرف آنسو پوچھنے کے مترادف تھا ۔ عوام نے بی جے پی کے بر سرا قتدار آنے کے بعد سے یہ محسوس کرنا شروع کردیا ہے کے برے دن آگئے ہیں ۔ ایک سابق ایم پی ٹائٹلر نے کہا کہ عام آدمی ان کے انتخابی وعدوں سے انحراف کے لئے مودی کو فراموش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم قیمتوں میں اضافہ پر قابو پانے کے لئے بی جے پی کی زیر قیادت حکومت کی جانب سے موثر اقدامات تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔

Congress protests inflation, price hike in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں