بڑھتی مہنگائی اور ریل کرایہ میں اضافہ کے خلاف کانگریس کا پارلیمنٹ گھیراؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-06

بڑھتی مہنگائی اور ریل کرایہ میں اضافہ کے خلاف کانگریس کا پارلیمنٹ گھیراؤ

نئی دہلی
ایس این بی
بڑھے ہوئے ریل کرایہ کو واپس لینے کی مانگ کو لے کر کانگریس لیڈروں نے 7جولائی کو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ریل بجٹ پارلیمنٹ میں8جولائی کو پیش کیاجائے گا ۔ اس لئے اس کے ٹھیک ایک دن پہلے کانگریس کارکنان پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے ۔ ریل کرایہ میں ہوئے اضافہ کے علاوہ کانگریس لیڈر بڑھتی مہنگائی اور دہلی میں بجلی کی شرح میں ممکنہ اضافہ کے خلاف بھی آواز اٹھائیں گے ۔ پردیش کانگریس صدر اورند سنگھ لولی ، لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ہارون ہوسف اور دہلی کے انچارج سکریٹری کل جیت سنگھ ناگرا نے ہفتہ کو منعقد پریس کانفرنس میں پارلیمنٹ کا گھیرا ؤ کرنے کا اعلان کیا ۔ لولی نے کہا کہ کانگریس مرکزی سرکار کو انتباہ دیتی ہے کہ اگر دہلی میں بجلی کی شرح بڑھی تو اس کی ذمہ دار بی جے پی سرکار ہوگی ۔ ابھی دہلی میں صدر راج نافذ ہے اور دہلی سرکار کے سبھی اختیارات مرکز کے پاس ہیں اس لئے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے کے مطابق بی جے پی کو بجلی کی شرح30فیصد رعایت فوری طور پر دینی چاہئے۔ بی جے پی لیڈر ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی اسمبلی میں بجلی کی شرح میں بغیر سبسیڈی 30فیصد کمی لانے کا اعلان کیا تھا ۔ اس لئے پارٹی کو اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے، لولی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا گھیرا اس لئے کیاجارہا ہے کہ مرکزی سرکار بڑھے ہوئے ریل کرایہ اور مال بھاڑے میں اضافہ کو واپس لے ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح10بجے کانگریس کارکنان جنتر منتر پر اکٹھا ہوکر پارلیمنٹ کی طرف کوچ کریں گے ۔ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ہارون یوسف نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی سرکار سبھی مورچہ پر پوری طرح ناکام رہی ہے، جمع خوروں کے خلاف ریڈی کی جارہی ہے لیکن بڑھی ہوئی قیمت پر کوئی لگام نہیں لگائی جاسکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس اچھے دن کو لانے کا وعدہ کیا گیا تھا بی جے پی سرکار کی پالیسیوں کے سبب لوگوں کے برے دن شروع ہوگئے ہیں ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے لوگ بری طرح پریشان ہیں ۔ بی جے پی سرکار جمع خوروں کے خلاف کارروائی کی بات کرنے کا ناٹک کر کے دہلی والوں کی مہنگائی کی طرف سے توجہ ہٹا رہی ہے ۔ دہلی میں لازمی اشیاء اور کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ ہارون یوسف نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں بجلی کی قیمت بڑھانے کے لئے مرکزی سرکار کے اشارے پر گزشتہ ایک ماہ میں لوگوں کو24میں سے 12گھنٹے بجلی دی گئی تاکہ کمی دکھا کر بجلی کی قیمت بڑھائی جاسکے ۔ کلجیت ناگرا نے کہا کہ کانگریس نے ہر ایشو پر دہلی کے لوگوں کی آواز کو پرزور طریقہ سے اٹھایا ہے آج جمع خوری کی بات وہ کررہے ہیں جو جمع خوری سے ہی نکلے ہیں۔ جمع خوری بی جے پی حکمران ریاستوں میں ہی ہے اور ان کی اصلیت عوام کے سامنے آگئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں