نائیجیریا میں فوج کے ساتھ تصادم میں 53 جنگجو ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-07

نائیجیریا میں فوج کے ساتھ تصادم میں 53 جنگجو ہلاک

ابوجا
رائٹر
نائیجیریا کے شمال مشرق شہر ابون آمیں فوج کے ساتھ تصادم میں جنگجو تنظیم بوکو حرام کے53رکن ہلاک ہوگئے۔ فوجی ترجمان میجر جنرل کرس اول ولاڈے نے آج یہاں بتایا کہ تصادم میں ایک سینئر فوجی عہدیدار سمیت 5فوجیوں کی بھی موت ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تصادم میں جنگجو تنظیم بوکوحرام کو بڑے پیمانے پرنقصان پہنچا ہے ۔ نائیجیریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک فوجی چوکی پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران53حملہ آورں کو ہلاک کردیا ہے۔ نائیجیریا کی وزارت دفاع کی جانب سے ہفتہ کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے تھا۔جنہوں نے شمال مشرقی نائیجیریا کے قصبے دمبوا میں قائم فوجی چھاؤنی پر جمعہ کی شب حملہ کیا تھا ، ترجمان کے مطابق جنگجو ؤں کے ساتھ لڑائی میں ایک سینئر افسر سمیت6 فوجی عہدیدار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔خبررساں ایجنسی رائٹر کے مطابق نائیجریا کی فوج شدت پسندوں کے ساتھ مقابلوں کے دوران اکثر بڑی تعداد میں جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتی ہے ۔ لیکن ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہوپاتی۔ اس سے قبل پولیس حکام نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ریاست بورونو میں قام دمبوا کی فوجی چھاؤنی پر حملہ کرنے والے شدت پسندبھاری اسلحہ سے لیس تھے ۔ پولیس حکام نے کہا تھا کہ فوجی چھاؤنی پر حملہ یجیوا اور الاگورنو کے علاقوں میں فوج کی جانب سے کی جانے والی حالیہ فضائی اور زمینی کارروائی کا رد عمل ہوسکتا ہے جس میں درجنوں شدت پسندمارے گئے تھے ۔ اس سے قبل جمعہ کوبھی مبینہ طور پر بوکو حرام سے منسلک ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی علاقہ کی ایک مسجدکے نزدیک قائم چوکی سے ٹکرادی تھی ۔ جمعے کی نماز کے وقت کیے جانے والے اس حملے میں پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔نائیجیریا کی ریاست بورنو، بوکو حرام کی جنم بھومی اور مضبوط گڑھ تصور کی جاتی ہے جہاں اس شدت پسند تنظیم کے جنگجو گزشتہ کئی ہفتوں سے تقریباً روز ہی سر کار تنصیبات اور عام شہریوں کو حملوں کانشانہ بنارہے ہیں۔2009سے اپنی کارروائیوں کا آغاز کرنے والی اس شدت پسند تنظیم کے حملوں میں اب تک نائیجیریا میں ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں جب کہ تنظیم نے گزشتہ کچھ مہینوں سے نائیجریا کے پڑوسی ملکوں میں بھی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ بوکو حرام ، کے جنگجوؤں نے گزشتہ دو مہینوں سے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقوں کے دیہات پر بھی وحشیانہ حملوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جن میں اب تک سیکڑوں عام افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ نائیجیریا بر اعظم افریقہ میں سب سے بڑی معیشت کا حامل ملک ہے جہاں توانائی اور قدرتی وسائل کے وسیع ذخائر ہیں لیکن بوکو حرام افریقہ کے اس سب سے گنجان آباد اور مذہبی طور پر مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان تقسیم ملک کی سیکوریٹی کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن گئی ہے ۔ جس سے نمٹنے کے لئے امریکہ اور مغربی ملکوں کی حکومتیں بھی نائیجیریا کی معاونت کررہی ہیں۔

Nigeria: Armed forces claim 53 Boko Haram fighters death

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں