افغانستان میں شہریوں کی ہلاکتوں میں بے پناہ اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-10

افغانستان میں شہریوں کی ہلاکتوں میں بے پناہ اضافہ

کابل
رائٹر
افغانستان میں رواں سال اب تک شہری ہلاکتوں میں24فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے آج جاری کردہ تازہ ترین اعداد وشمار بتایا گیا ہے کہ2014ء کی پہلی ششماہی میں شہری ہلاکتوں میں ہونے والے اس نمایاں اضافہ کی وجہ زیادہ تر زمینی جنگ رہی ہے ۔ یہ امر گہری تشویش کا باعث ہونے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی ایک ثبوت ہے کہ افغانستان میں بحران اور تشدد کا دائرہ وسیع تر ہوتا جارہا ہے ۔ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں فائرنگ کے تبادلہ ایک معمول بن چکے ہیں اور فائرنگ کا شکار ہونے والی خواتین اور بچوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ افغانستان متعینہ اقوام متحدہ کے مشن کے چیف جان کوبس کے مطابق2014میں افغانستان کے بحران کی نوعیت تبدیل ہوئی ہے۔ رواں برس زیادہ تر زمینی حملے شہری آبادی والے علاقوں میں ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر بہت کمزور اور مفلوک الحال شہریوں پر اس کے شدید المناک اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشنUNAMAکی دستاویزات میں درج اعداد و شمار کے مطابق2014ء کی پہلی ششماہی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد4,853رہی جو2013ء کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں24فیصد زیادہ بنتی ہے۔ اس میں1,564شہریوں کی ہلاکت اور3,289کے زخمی ہونے کے اعداد و شمار شامل ہیں۔ یہ انتہائی تشویش ناک اعداد و شمار اس ملک میں سیکوریٹی کی ابتر صورتحال کی نشاندہی کررہے ہیں۔ افغانستان کا سیاسی بحران اور حالیہ صدارتی انتخابات کے بعد سامنے آنیو الا تنازعہ ملک کو مزید غیر مستحکم بنانے کا باعث بن رہا ہے ۔ افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دونوں امید واروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا ۔ جس کے بعد پہلے مرحلے میں انتہائی کم ووٹ حاصل کرنے والے اشرف غنی کو دوسرے مرحلہ کا فاتح قرار دے دیا گیا ہے، جب کہ عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔

Civilians Killed and Wounded in Afghanistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں