پی ٹی آئی
نتن گڈکری کی قیامگاہ سے جاسوسی آلات برآمدہونے کے واقعہ سے فائدہ اتھاتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ اس واقعہ سے این ڈی اے حکومت کے وزراء میں باہمی اعتماد اور بھروسہ کا فقدان ظاہر ہوتا ہے ۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نے ان کی قیامگاہ سے جاسوسی آلات برآمد ہونے کی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے۔ کانگریس نے نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ پروضاحت پیش کرے ۔ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ اگر سینئر کابینی وزیر گد کری کی قیامگاہ میں جاسوسی آلات نصب کرنے کی اطلاعات درست ہیں تو یہ یقیناًکافی سنگین ہیں ۔ گڈ کری نہ صرف مرکزی وزیر بلکہ بی جے پی کے سابق صدر بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے باہمی رفقاء کے درمیان اعتماد اور بھروسہ کا فقدان ظاہر ہوتا ہے ۔ اب وقت آچکا ہے کہ گڈکری اور بی جے پی کے ساتھ ساتھ حکومت بھی اس معاملہ میں وضاحت کرے اور عوام کو بتائے کہ اگر خفیہ آلات نصب کئے گئے تھے تو کیا جاسوسی کی جارہی تھی ۔ ایسا کس کی ایماء پر اور کس کی اتھاریٹی سے کیاگیا ۔ ان تمام معاملات کی بی جے پی ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جانب سے وضاحت کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر منیش تیواری نے اس معاملہ میں اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ معلومات کس طرح عام ہوئیں اور جاننا چاہا کہ آیا انکوائری کا حکم دیاگیا ہے ۔ یہ تمام حقائق پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے چاہیں۔
وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈ کری نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا ہے کہ انکی قیامگاہ سے جاسوسی آلات برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض قیاس آرائیاں ہیں ۔ گڈ کری نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر کہا کہ میڈیا کے ایک گوشے میں ایسی اطلاعات شائع ہوئی ہیں کہ نئی دہلی میں میری قیامگاہ سے کچھ ایسے آلات برآمد ہوئے ہیں جن سے خفیہ طور پر گفتگو سنی جاسکتی ہے ۔ یہ محض قیاس آرائیاں ہیں ۔مرکزی وزیر کے قریبی ذرائع نے بھی اس بات کی تردید کی کہ ایسے کوئی آلات برآمد ہوئے ہیں جب کہ ایک اخباری اطلاع کے مطابق یہ خفیہ آلات انتہائی اعلیٰ معیار کے ہیں اور عام طور پر مغربی ایجنسیاں ایسے آلات استعمال کرتی ہیں۔
Bugging devices found in Nitin Gadkari's residence
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں