برکس چوٹی کانفرنس میں دہشت گردی کی شدید مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-17

برکس چوٹی کانفرنس میں دہشت گردی کی شدید مذمت

فورٹ لیزا
یو این آئی، پی ٹی آئی
پانچ قومی برکس چوٹی کانفرنس میں دہشت گردی کی ہر شکل میں شدید مذمت کی گئی ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ نظریات ، سیاست یا مذہبی مسائل پر مبنی دہشت گردی کی کسی بھی حرکت کو حق بجانب نہیں قرار دیا جاسکتا ۔ 17صفحات پر مشتمل فورٹ لیزا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم تمام ممالک اور تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دہشت گرد سرگرمیوں کی کسی بھی طرح سے مدد نہ کریں ۔ ہمیں اس بات پر یقین ہے کہ اقوام متحدہ دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی کارروائی میں مرکزی رول اداکرے گا اور اس لڑائی میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادی کا احترام کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا دنیا کی5ابھرتی ہوئی معاشی طاقتوں کی تنظیم برکس کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کئی معنوں میں ایک سنگ میل ثابت ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ کانفرنس کے وقفہ کے دوران وزیر اعظم کی چین کے صدر زی جن پنگ سے ملاقات بھی کافی موثر اور سود مند ثابت ہوئی ۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم مودی ، چینی صدر زی جن پنگ ، روسی صدر ولادیمیر پوٹن ، برازیل کی صدر ڈالما روسیف اور جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے ایک ایسے اہم معاہدہ پر بھی دستخط کئے جس کی رو سے رکن ممالک کی معیشت میں سرمایہ کے فقدان سے نمٹنے کے لئے سی آر اے کے نام سے ایک ایمرجنسی فنڈ تشکیل دینے کی تجویز ہے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے ترقیاتی بینک(این ڈی جی) کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا ترقی پذیر ممالک کا یہ جرات مندانہ قدم ہے ۔ روایتی بند گلے والے کرتے میں ملبوس ہندوستانی وزیر اعظم نے اپنی تقریر انگریزی میں کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ این ڈی بی اور سی آر اے برکس ممالک کی ترقی کو فروغ دینے اور دوسرے ترقی پذیر ممالک کو مددفراہم کرنے کے لئے مختلف راہیں ہموار کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ یہ ادارے ترقی اور استحکام کے فروغ کے لئے نئے ماڈل تجویز کریں ۔ وزیر اعظم نے ایک کھلے اور ضابطوں پر مبنی بین الاقوامی تجارتی نظام کی بھی وکالت کی جو ترقی پذیر ممالک کی تمناؤں کو شرمندہ تعبیر کرسکے ۔انہوں نے فوری طور پر اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل اور دوسرے بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وہ موجودہ دور کے حقائق کا سامنا کرسکیں ۔ وزیر اعظم نے برکس ممالک سے زور دے کر کہا کہ اقتصادی نمواور تحفظ پسندانہ ترقی ایک ساتھ چل سکتے ہیں ۔ کانفرنس کے مرکزی موضوع شمولیاتی اقتصادی نمو اور تحفظ پسندانہ ترقی پر آتے ہوئے وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ نفس موضوع میری حکومت کا رہنما اصول ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمارے لئے ترقی میں سب کو شامل کرنا ایک چیلنج بھی ہے اور ذمہ داری بھی کیونکہ ہندوستان سماجی، علاقائی اور اقتصادی تنوع سے مالا مال دنیا کا ایک منفرد ملک ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ مثالی ترقی وہ ترقی ہے جو سماج کے کمزور ترین طبقے کی خصوصی ضرورتوں کے تئیں حساس اور ان خصوصی ضرورتوں میں غذائی سلامتی سب سے اہم ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ تحفظ پسندانہ ترقی تو ہندوستانی طرز زندگی کا جزو لازم رہا ہے۔گاندھی جی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں موجود مسائل ہر فرد کی ضروریات پوری کرنے کے لئیکافی ہیں لیکن ہر کسی کے لالچ کو پورا کرنے کے لئے کافی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح قدرت کی نعمتوں میں سب کی برابر کی حصہ داری ہے لیکن اس کے نام پر قدرت کے وسائل کا استحصال ایک جرم کے مترادف ہے ۔
برکس کا آئندہ اجلاس روس میں منعقد ہوگا

فورٹا لیزا(برازیل) سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب برکس کا آئندہ سالانہ اجلاس روسی شہر یوفا میں منعقد ہوگا۔ برازیل میں حالیہ چوٹی اجلاس اس حوالہ سے انتہائی کامیاب رہا کہ ڈیولپمنٹ بینک کے قیام اور ہنگامی ریزرو انتظامات پر اتفاق رائے پیدا ہو ۔ فورٹا لیزاڈکلیریشن میں برکس قائدین نے کہا کہ برازیل، ہندوستان ، چین اور جنوبی افریقہ ، روس کی جانب سے 2015میں گروپ کے7ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس حوالہ سے اس کی تائید کرتے ہیں ، یوفا، جمہوریہ بشکورتوستان کا دارالخلافہ ہیاور جمہوریہ کا صنعتی ، معاشی، سائنسی و ثقافتی مرکز ہے ۔ چھٹے اجلاس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی ، روس اور چین کے صدور ولادیمیرپوٹین، وشی جیپنگ کے علاوہ جنوبی افریقی صدر جیکب زوما اور برازیل کی صدر دلیمارؤ سیف نے عالمی معاشی ، سیاسی اور فوجی مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ برکس5ممالک پر مشتمل گروپ ہے ، جن میں برازیل روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

Fortaleza - BRICS summit strongly condemns terrorism

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں